’افغان فوجی کے نیٹو پر حملے کی تحقیقات‘

افغانستان میں نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ ایک افغان سکیورٹی اہلکار کے ہاتھوں غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ایک افغان نیوز ایجنسی کی اطلاع کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند میں ایک افغان سکیورٹی اہلکار نے بین الاقوامی فوج یا ایساف کے تین فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

نیٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ وہ ہلمند میں پیش آنے والے واقعے سے آگاہ ہیں اور اس ضمن میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘

صوبہ ہلمند میں پولیس کے نائب سربراہ نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ افغان فوجی نے ایساف کے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔

نائب پولیس سربراہ کرنل کمال الدین خان نے بتایا کہ ’ ہم جانتے ہیں کہ ایک افغان فوجی نے ایساف فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے، لیکن ہم تفصیلات نہیں جانتے ہیں۔‘

اسی بارے میں