ڈالر کے مقابلے یورو میں گراوٹ جاری

فائل فوٹو
Image caption ڈالر کے مقابلے یورو میں گروٹ جاری ہے

آئرلینڈ میں حکومت معاشی حالت بہتر کرنے کےلیے خرچے میں کٹوتی پر غور کر رہی ہے لیکن سرمایہ کار اس سے مطمئن نظر نہیں آتے۔

دوسری طرف ڈالر کے مقابلے یورو میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور اس ہفتے اس میں تقریبا تین سینٹ تک کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔

آئرلینڈ کے مجوزہ چار سالہ منصوبہ کے تحت خرچے میں کمی اور ٹیکسوں میں اضافہ کرکے پندرہ ارب یورو بچانے کا تخمینہ ہے۔ لیکن سرمایہ کار اس منصوبہ سے مطمئن نہیں ہیں۔

آئرلینڈ کی حکومت موجودہ مالی بحران سے ابھرنے کے لیے یوروپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے قرض کے ایک پیکیج پر بھی بات چیت کر رہی ہے۔

اندازے کے مطابق یہ پچاسی کروڑ یورو کا پیکیج ہوگا۔ اخراجات میں کٹوتی کا مقصد بجٹ خسارے کو کم کرنا ہے جو یوروپی زون میں اس کا سب سے زیادہ ہے۔

حکومت کو امید ہے کہ دو ہزار گیارہ میں اس کی معاشی ترقی کی شرح دو سے ڈھائی فیصد تک ہوگی اور اس کے بعد اس میں ایک یا دو فیصد کا مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

لیکن حکومت کے اس تخمینے پر سرمایہ کاروں کو یقین نہیں اور ماہرین اسے ’بہت زیاد پر امیدی‘ سے تعبیر کرتے ہیں۔

ریٹنگ ایجنسی ’سٹینڈرڈ اینڈ پوؤر‘ کا کہنا ہے کہ آنے والے دو برسوں میں حقیقی طورپر شرح ترقی میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

اس بات میں بھی شکوک و شبہات ہیں کہ آیا حکومت جب دسمبر میں بجٹ پیش کريگی تو سات تاریخ کو ووٹنگ میں وہ کٹوتی کے بل کو منظور کروا پاتی ہے یا نہیں۔

ان تمام مسائل پر غیر یقینی صورت حال سے اس بات کا خطرہ ہے کہ آئرلیند کا خسارہ دوسرے ملکوں تک پھیلے گا اور خاص طور پر پرتگال اور سپین تک پہنچ سکتا ہے۔

یہی وجوہات ہیں کہ یورو پر دباؤ بنا ہوا ہے اور اس میں مضبوطی کے بجائے مسلسل گراوٹ آرہی ہے۔

اسی بارے میں