افغان پولیس پر خودکش حملے، بارہ ہلاک

فائل فوٹو
Image caption خود کشں حملوں میں بارہ افراد ہلاک ہوئے

افغانستان کے صوبے پکتیکا میں حکام کے مطابق دو خود کش حملہ آوروں نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں متعدد افسران بھی شامل ہیں۔

طالبان ترجمان کے مطابق اُن کے جنگجوؤں نے یہ حملہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آوروں نے پولیس ہیڈ کوارٹر کے صحن میں دھماکے کیے۔ خبر رساں ادارے اے پی نے صوبائی پولیس کے ترجمان جنرل داؤد اندرابی کے حوالے سے بتایا کہ دونوں دھماکے بیس منٹ کے وقفے سے ہوئے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے صوبے پکتیا کو شدت پسندوں کی جانب سے کئی بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

پکتیکا کے صوبائی کونسل کے سربراہ نواب وزیری نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ حملہ آوروں نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔

اُن کے مطابق ایک حملہ آور نے پولیس ہیڈ کوارٹر کے اندر جبکہ دوسرے نے احاطے میں دھماکہ کیا۔ نواب وزیری کے مطابق زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور دھماکے کی جگہ پر خون ہی خون نظر آ رہا ہے۔

افغانستان کے صوبے پکتیکا کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے جہاں امریکی ڈرون طیاروں کے ذریعے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اسی بارے میں