اوباما باسکٹ بال کھیلتے ہوئے زخمی

باراک اوباما
Image caption چوٹ لگنے کے بعد صدر اوباما وہائٹ ہاؤس میں

امریکی صدر براک اوباما باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ساتھی کھلاڑی کی کہنی لگنے سے زخمی ہوگئے اور ان کے ہونٹ پر بارہ ٹانکے لگے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق انہیں یہ چوٹ جمعہ کی صبح کھیل کے دوران لگی تھی۔

امریکی صدر اپنے قریبی ساتھی ریجی لو اور ان کے خاندان کے دیگر ارکان کے ساتھ امریکہ میں تھینکس گیونگ یا ’یومِ تشکر‘ کی چھٹی کے موقع پر باسکٹ بال کھیل رہے تھے۔

صدر کا علاج وائٹ ہاؤس میں ڈاکٹروں نے کیا ہے اور بعد میں صدر اوباما کو وائٹ ہاؤس میں برف سے اپنے ہونٹوں کی ٹکور کرتے دیکھا گيا ہے۔

وہائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبس نے ایک بیان میں کہا کہ ’نادانستہ طور پر مخالف کھلاڑی کی کہنی ہونٹ پر لگنے کے بعد صدر کو بارہ ٹانکے لگے ہیں۔یہ کام وائٹ ہاؤس کی طبی ٹیم نے انجام دیا ہے‘۔

ترجمان نے بتایا کہ ٹانکے لگانے کے لیے امریکی صدر کو لوکل انیستھیزیا دیا گیا۔

صدر اوباما کی جو تصویریں لی گئی ہیں اس میں وہ سلیٹی رنگ کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے ہیں۔ امریکی صدر کھیل کے شوقین ہیں اور وہ کئی بار اپنے کابینی رفقاء کے ساتھ بھی کھیلتے ہیں۔

اسی بارے میں