افغانستان: بم دھماکے میں 15 ہلاک

افغانستان/ فائل فوٹو
Image caption ٹرک پر عام شہری سوار ہوکر بازار جا رہے تھے

افغانستان کے صوبہ ہلمند میں حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم کے پھٹنے سے پندرہ شہری ہلاک ہوگئے۔

جنوبی افغانستان میں جمعہ کے روز یہ دھماکہ دو پہر بعدہواجس کی زد میں ایک ٹرک آگیا۔ اس ٹرک پر کئی عام شہری سوار تھے۔

خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق صوبہ ہلمند میں گورنر کے دفتر کا کہنا ہے کہ دھماکہ خان نیشن گاؤں کے پاس ہوا ہے۔

افغانستان میں صوبہ ہلمند طالبان کے اثر و رسوخ والا علاقہ ہے جہاں نیٹو افواج ان سے برسر پیکار ہیں۔

صوبہ کےگورنر کے ترجمان داؤد احمدی کا کہنا ہے ٹرک گاؤں والوں کو پاس کے ایک بازار کی طرف لے کر جارہا تھا اور راستے میں نصب بم پر اس کا پہیہ گزرنے سے دھماکہ ہوگيا۔

اس دھماکے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ داؤد احمدی نے اس بم دھماکے کے لیے طالبان کو ذمہ دار بتایا ہے۔

دریں اثناء حکام کے مطابق افغانستان کے صوبے کندھار میں پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب ایک بم دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہےکہ یہ بم دھماکہ پولیس کی گاڑیوں کے لیے مخصوص پارکنگ میں ہوا تاہم اُن کے مطابق ابھی یہ طے نہیں ہے کہ یہ دھماکہ ریموٹ کنڑول بم کے ذریعے کیا گیا یا یہ خودکش حملہ تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی متعدد گاڑیوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اسی بارے میں