رچرڈ ہالبروک کی حالت تشویشناک

رچرڈ ہالبروک
Image caption رچرڈ ہالبروک اپنے آفس میں کام میں مصروف تھے جب اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔

امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک کی حالت تشویش ناک ہو گئی ہے۔

انہتر سالہ ہالبروک کی طبیعت جمعہ کو اس وقت خراب ہوئی تھی جب وہ اپنے دفتر میں کام میں مصروف تھے۔

انہیں فوری طور پر واشنگٹن کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا دل کی شریان کا آپریشن ہوا تھا۔رچرڈ ہالبروک کے اہل خانہ بھی ہسپتال میں ان کے پاس موجود ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ ہالبروک کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رچرڈ ہالبروک امریکی خارجہ پالیسی سے وابستہ ایک قدآور شخصیت اور ان کی پاکستان اور افغانستان سے متعلقہ ٹیم کے کلیدی رکن ہیں۔

رچرڈ ہالبروک کو صدر باراک اوبامہ نے جنوری دو ہزار نو میں پاکستان اور افغانستان کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کیا تھا۔

وہ ڈیٹن امن معاہدے کے سلسلے میں اپنی کوششوں کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔ اس معاہدے کے نتیجے میں بوسنیائی جنگ بالآخر ختم ہوئی تھی۔