آسٹریلیا کی پھر کمزور بیٹنگ

فائل فوٹو، رکی پونٹنگ
Image caption کپتان رکی پونٹنگ دس گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے

ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں کمزور بلے بازی نےایک مرتبہ پھر آسٹریلیا کو میچ کے پہلے دن ہی دباؤ کا شکار کر دیا اور اس کی پوری ٹیم ایک اچھی پچ پر صرف دو اڑسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سکور بورڈ کے لیے کلک کریں

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان اس کانٹے دار سیریز میں آسٹریلیا کے مقابلے میں متوازن اور مضبوط دکھائی دینے والی انگلش ٹیم نے میدان میں بھی اپنی برتری ثابت کر دی۔ انگلینڈ کی ٹیم جو اس سیریز میں پہلے ہی ایک میچ سے برتری حاصل کیئے ہوئے ہے بیٹنگ اور بالنگ دونوں اہم شعبوں میں آسٹریلیا سے بہتر کارکردگی پیش کر رہی ہے۔

پہلے دو ٹیسٹ میچوں کی طرح اس مرتبہ بھی آسٹریلیا کی طرف سے ہسی اور پھر ہیڈن نے انگلش بولروں کے خلاف کچھ مزاحمت دکھائی۔ جبکہ آسٹریلیا کا کوئی اور بلے باز انگلش تیز رفتار بولروں کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔ ہسی نے ایک سو چودہ گیندوں پر اکسٹھ رن بنائِے۔ ہسی کی وکٹ سوان نے حاصل کی۔ سوان کی ایک گیند جو پچ پر پڑنے کے بعد قدرے زیادہ اُچھلی ہسی کے بیٹ سے بال برابر چھو کر گزری اور وکٹ کیپر کے دستانوں میں چلی گئی۔

ہسی چائے کے وقفے سے پہلے آؤٹ ہوئے ان کے بعد ہیڈن اور جانسن کے درمیان باؤن رنز کی ایک اچھی شراکت شائقین کو دیکھنے کے لیے ملی۔

چائے کے وقفے کے تھوڑی دیر بعد ہیڈن کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ جمی اینڈرسن کی آف سٹمپ سے باہر گری ہوئی گیند پر زور دار شاٹ لگانا چاہتے تھے لیکن گیند بلے کا اوپری کنارے لیتے ہوئے سلپ میں چلی گئی جہاں پر تیسری سلپ میں کھڑے سوان نے کوئی غلطی نہیں کی اور یوں ہیڈن بھی آؤٹ ہو گئے۔

ہیڈن کے بعد ہیرس کھیلنے آئے لیکن وہ تین ہی رن بنا پائے تھے کہ اینڈرسن نے انھیں بولڈ کر دیا۔ یہ اینڈرسن کی تیسری وکٹ تھی۔

سٹورٹ براڈ کی جگہ انگلش ٹیم نے ٹرملیٹ کو اس میچ میں کھلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ انتیس سالہ ٹرملیٹ نے اپنے ٹیم میں شامل کیئے جانے کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا۔

انھوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں ہیوز کو بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد پونٹنگ اینڈرسن کی گیند پر کولنگ وڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پونٹنگ جب آؤٹ ہوئے اس وقت آسٹریلیا کا سکور سترہ رن تھا پونٹنگ کے بعد کلارک بھی ٹرملیٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔

آسٹریلیا کی جانب سے واٹسن اور ہیوز نے اننگ کا آغاز کیا۔ بلے باز ہیوز دو کے مجموعی سکور پر دو ہی رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کھانے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے واٹسن تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا کا مجموعی سکور پینسٹھ رنز تھا اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا کے شہر برسبن میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا جبکہ ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسڑیلیا کو ایک اننگز اور اکہتر رنز سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم: شین واٹسن، رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، ہیوز، ہیڈن، سمتھ، جونسن، ہیرس، سڈِل اور ہلفنہاس۔

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس، ایلسٹر کک، بیل، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن، پال کولنگ وڈ، سوان ، میتھیو پرائر، سٹیو فنِ، ٹریملٹ اور اینڈرسن۔