لندن سے بین الاقوامی پروازیں معطل

Image caption برفباری کی وجہ سے پروازوں کو معطل کیا گیا ہے

انگلینڈ میں شدید سرد موسم کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی فضائی کمپنیوں میں شامل برٹش ایئر ویز نے لندن کے دو ہوائی اڈوں سے بیرون ملک جانے والی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

برٹش ایئر ویز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ہفتے کی سہ پہر تک وہ ہیتھرو کے ہوائی اڈے سے کوئی پرواز نہیں چلا سکیں گے۔ جبکہ گیٹ وک کے ہوائی اڈے سے بھی یورپ اور ملک کے اندر جانے والی پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ہیتھرو کے ہوائی اڈے سے پروازوں کو کچھ گھنٹوں کے لیے معطل کرنا کا فیصلہ صبح دس بجے سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

برٹش ایئر ویز کے اعلان کے مطابق ہیتھرو کے ہوائی اڈے سے پروازوں کا سلسلہ برطانوی وقت کے مطابق صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک معطل رہے گا۔ جبکہ گیٹ وک کے ہوائی اڈے سے صبج دس بجے سے شام چار بجے تک کوئی پرواز نہیں جا سکے گی۔

برٹش ایئر ویز نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس دوران ہوائی اڈے پر نہ آئیں۔

موسم کی وجہ سے فضائی سفر کے علاوہ برطانیہ میں سڑک کے ذریعے آمد و رفت بھی بری طری متاثر ہوئی ہے۔

برطانیہ کے مختلف شہروں کو ملانے والی بڑی شاہراہوں ایم اکسٹھ، ایم ستاون اور ایم اٹھاون پر گزشتہ رات گاڑیوں کو شدد مشکلات پیش آنے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ انتہائی ناگیز وجوہات کے علاوہ سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور آئرلینڈ ان دنوں سخت سردی کی لپیٹ میں ہے۔ گزشتہ روز آئرلینڈ میں گزشتہ پچیس برس میں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔

اسی بارے میں