کولمبیا:سمگلر کبوتر کی’گرفتاری‘

Image caption کبوتروں کو موبائل فون کے سم کارڈ جیل پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے

لاطینی امریکہ کے ملک کولمبیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا کبوتر پکڑا ہے جس کی مدد سے جیل میں منشیات پہنچائی جاتی تھیں۔

پولیس کے مطابق اس کبوتر کو ملک کے شمالی مشرقی شہر بکارامانگا میں پکڑا گیا اور اس کی پشت پرگانجا اور کوکین باندھی گئی تھی۔

حکام کے مطابق پینتالیس گرام وزن کی منشیات لے کر اڑنا کبوتر کے بس میں نہ تھا اور اسی لیے وہ پکڑا گیا۔

مقامی پولیس کمانڈر کا کہنا تھا کہ ’ہمیں جیل سے ایک بلاک فاصلے پر ایسا کبوتر ملا جو منشیات کے ساتھ پرواز کی کوشش کر رہا تھا۔ لیکن وزن کی زیادتی کی وجہ سے وہ اپنا مشن مکمل نہ سکا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کبوتر کی تربیت قیدیوں یا پھر ان کے ساتھیوں نے کی تھی۔

.کولمبیا پولیس کے مطابق ماضی میں کبوتروں کو جیل میں موبائل فون کے سم کارڈ سمگل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔