’ٹویوٹا کی اکیس لاکھ کاریں واپس‘

فائل فوٹو، ٹویوٹا تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ٹویوٹا کمپنی سال دو ہزار نو سے اب تک ایک کروڑ چالیس لاکھ کاریں واپس منگوا چکی ہے

کاریں تیار کرنے والی جاپانی کمپنی ٹویوٹا ایکسیلیٹر پیڈل میں رکاوٹ آنے کی اطلاعات کے بعد امریکہ سے اکیس لاکھ ستر ہزار کاریں واپس منگوا رہی ہے۔

ٹویوٹا کا کہنا ہے کہ یہ اطلاعات ملنے کے بعد کہ گاڑی کا قالین اور فلور میٹس ایکسیلیٹر میں رکاوٹ کا سبب بن سکتے ہیں کے بعد کاریں واپس منگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نقص کے سبب کسی انجری کے بارے میں نہیں جانتے ہیں۔

ٹویوٹا کمپنی کے حصص میں اضافہ

ٹویوٹا سال دو ہزار نو سے اب تک حفاظتی اقدامات کے تحت دنیا بھر سے ایک کروڑ چالیس لاکھ کاریں واپس منگوا چکا ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے رضاکارانہ طور پر ہائی لینڈر، جی ایس، آر ایکس، فور رنر، لیکسسز ایل ایکس570 اور آر اے وی فور کے کئی ماڈلز واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹویوٹا اور لیکسسز ڈیلرز بغیر کسی معاوضے کے کارپٹ کو ٹھیک یا تبدیل کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں ٹویوٹا گاڑیوں کی رفتار یکلخت تیز ہو جانے کی شکایت کے بعد اس کے ایکسیلیٹر میں نقص کے بارے میں انکوائری شروع کی گئی تھی اور حال ہی میں امریکی ٹرانسپورٹ حکام نے کہا تھا کہ الیکٹرانک نظام میں خامی نہیں تھی اور اس میں مکینکل خامی کا دخل ہو سکتا تھا جس کو کمپنی نے پہلے ہی دور کر دیا تھا۔

اسی بارے میں