جاپان:’صرف میاگی میں 15 ہزار ہلاکتیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اب زوروشور سے جاری ہیں

شمال مشرقی جاپان میں پولیس کا کہنا ہے کہ نو روز قبل آنے والے زلزلے اور سونامی سے اس علاقے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پندرہ ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نئے اعدادو شمار صرف میاگی کے ہیں۔ میاگی کا علاقہ اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

اس کے علاوہ دیگر متاثرہ علاقوں میں تقریباً چار لاکھ لوگ شدید سردی اور کھانے کی قلت کے ساتھ عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔

جاپان میں اب تک زلزلے اور سونامی سے آٹھ ہزار ایک سو تینتیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ بارہ ہزار دو سو بہتر لاپتہ ہیں۔

ٹوکیو میں بی بی سی کے نامہ نگار روپرٹ ہیز کے مطابق یہ بات واضح ہوتی جا رہی ہے کہ اس قدرتی آفت میں ہلاکتوں کی کل تعداد بیس ہزار سے زیادہ ہی ہوگی۔

دوسری جانب اب جاپانی فوج بھی زلزلے اور سونامی سے متاثر ہونے والے فوکو شیما جوہری بجلی گھر کے حالات کنٹرول کرنے کی کوششوں میں شامل ہو گئی ہے۔فوجی دستوں نے جوہری فیول کو ٹھنڈا کرنے والے پول میں کئی ٹن سمندری پانی پہنچایا ہے۔

نو روز قبل سونامی کے سبب پلانٹ کو ٹھنڈا کرنے والا نظام تباہ ہو گیا تھا اور حکام کے مطابق انجینیئر ابھی بھی پلانٹ میں بجلی کی سپلائی بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں جلد ہی کامیابی کی امید ہے۔ انجینیئرز نے جوہاری بجلی گھر سے ایک تار جوڑ دی ہے جس کی مدد سے وہ اس پلانٹ کے ایک حصے تک بجلی کی ترسیل کےلیے پرامید ہیں۔

بجلی کی فراہمی ان پمپس کو چلانے کے لیے درکار ہے جن کی مدد سے پانی کو حد سے زیادہ گرم ہو رہے فیول راڈز پر ڈالا جانا ہے تاکہ تابکاری کے اخراج سے بچا جا سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نو روز قبل سونامی کے سبب پلانٹ کو ٹھنڈا کرنے والا نظام تباہ ہو گیا تھا۔

اس سے قبل پلانٹ میں خطرے کے درجے کو چار سے بڑھا کر پانچ کر دیا گیا تھا۔بین الاقوامی معیار میں کسی بھی جوہری حادثے کے حوالے سے خطرے کے سات درجے ہیں۔ اس وقت فوکوشیما کے جوہری پلانٹ میں خطرے کا لیول یوکرائن میں چرنوبل کے حادثے کے لیول سے دو درجے کم ہے۔

جاپان کی جوہری ایجنسی کے خطرے کا لیول پانچ تک کرنے کے فیصلے کا مطلب ہے کہ ’ایسا حادثہ جس کے وسیع نتائج‘ نکل سکتے ہوں۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے نے خبردار کیا ہے کہ جوہری بجلی گھر کو سنبھالنا وقت کے خلاف دوڑ ہے۔ فوکوشیما پلانٹ میں جمعہ کو آنے والے زلزلے کے بعد سے کئی دھماکے ہو چکے ہیں۔

اسی بارے میں