قاہرہ: اسرائیلی سفارتخانے کے باہر احتجاج جاری

قاہرہ احتجاج تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption مظاہرین مصر میں اسراییلی سفیر کی فوری بے دخلی چاہتے ہیں

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہزاروں افراد نے پانچ مصری پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے خلاف دوسرے روز بھی اسرائیلی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا۔

قاہرہ میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے پر حملہ کیا ہے اور اس دوران ایک نوجوان نے سفارت خانے کی چھت پر چڑھ کر اسرائیلی پرچم کی جگہ مصر کا پرچم لہرا دیا۔

مصر میں یہ احتجاجی مظاہرے اسرائیلی معذرت کے باوجود بھی جاری ہیں۔

مصری اہلکاروں کی ہلاکت، اسرائیل کا افسوس

دریں اثناء اتوار کو مصری سرحد پر اسرائیل، مصر اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے پس منظرمیں عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔

سنیچر کی رات بھی ایک ہزار سے زائد مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا۔ وہ ملک میں موجود اسرائیل کے سفیر کو جلد از ملک سے نکالنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

اسرائیلی فوجی سفاتخانے کے باہر موجود تھے لیکن انہوں سے اس وقت کوئی مداخلت نہیں کی۔

اس سے پہلے سنیچر کو اسرائیل کے وزیرِ دفاع نے غزہ کی سرحد کے قریب مصر کے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر ’افسوس‘ کا اظہار کیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں پانچ مصری پولیس اہلکاروں کی مبینہ ہلاکت کی تصدیق کیے بغیر ایہود بارک نے کہا کہ انہوں نے اس واقعہ کی مصر کی فوج کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

تاہم مصر کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس واقعے پر اسرائیل کا ردِ عمل ناکافی ہے۔

مصر نے جمعرات کو اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل سے اپنے سفارتکار کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ دس برس میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مصر نے اپنے سفارتکار کو واپس بلایا ہے۔

قاہرہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ دونوں ممالک کے درمیان 1979 میں ہونے والے امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب جمعرات کو جنوبی اسرائیل میں مختلف گاڑیوں پر حملے ہوئے تھے جس میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ حملے اس وقت شروع ہوئے جب کچھ مسلح افراد نے ایک اسرائیلی بس پر فائرنگ کی۔ یہ بس مصر کی سرحد کے نزدیک سے گزر رہی تھی۔

مصر کی حکومت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مشتبہ شدت پسندوں کا سرحد پار تک پیچھا کیا اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد لوگوں کو ہلاک کر دیا۔

اسی بارے میں