میلبرن رہائش کے لیے موزوں ترین شہر

ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد آسٹریلوی شہر میلبرن کینیڈا کے شہر وینکوور کو مات دے کر دنیا میں رہائش کے لیے سب سے موزوں شہر بن گیا ہے۔

وینکوور اس سروے میں سنہ 2002 سے سرِفہرست چلا آ رہا تھا۔ تاہم اس سال کے سروے کے بعد یہ شہر تیسرے نمبر پر ہے۔

مجموعی طور پر اس فہرست میں شامل پہلے دس میں سات شہر آسٹریلیا اور کینیڈا کے ہیں جبکہ زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے اور بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کا شمار آخری نمبر پر آنے والے شہروں میں ہوتا ہے۔

ان شہروں کو پانچ نکات پر جانچا گیا جن میں استحکام، طبی سہولیات، ثقافت اور ماحولیات، تعلیم اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔

اس سال کے سروے کے مطابق پہلے نمبر پر میلبورن ہے اور دوسرے نمبر پر ویانا ہے اور وینکوور تیسرے نمبر پر ہے۔

برطانیہ کا دارالحکومت لندن ایک سو چالیس شہروں کی فہرست میں تریپنویں نمبر ہے۔ امریکہ کے شہروں میں سب سے اوپر درجے پر ہونولولو ہے۔

رسالے دی اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے مطابق مالی بحران کے باعث یورپی ممالک متاثر ہوئے ہیں جبکہ عرب ممالک انقلاب کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لیبیا کا دارالحکومت طرابلس 107 سے 135 پر آ گیا ہے۔

سنہ 2002 میں میلبورن اور وینکوور مشترکہ سرِفہرست پر تھے۔