نیپال میں مسافر بردار طیارے کو حادثہ

Image caption طیارہ ماؤنٹ ایورسٹ کا نظارہ کرنے کے بعد واپس آرہا تھا۔

نیپال میں حکام کے مطابق ایک چھوٹا طیارہ جس میں غیر ملکی سیاح سمیت انیس افراد سوار تھے گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

اتوار کی صبح بدھا ائیر کے طیارے کا کھٹمنڈو ایئر پورٹ کے قریب کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

طیارہ جس میں سولہ غیر ملکی اور عملہ کے تین ارکان سوار تھے، ماؤنٹ ایورسٹ اور دوسرے پہاڑوں کا نظارہ کرنے کے بعد دارالحکومت واپس آ رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار سیاحوں کا تعلق بھارت سے تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ حادثے میں کوئی شخص بچا ہے یا نہیں۔

نیپال کے ٹیلی ویژن نے عینی شاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے طیارہ گرنے سے پہلے اس میں سے شعلے بلند ہوتے دیکھے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک سرکاری اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ کھٹمنڈو سے واپس آ رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امدادی کارکن جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق طیارے میں دس بھارتی باشندے سوار تھے۔

ائر پورٹ کے ایک اہلکار کے مطابق حادثے میں ایک شخص کے بچنے کی اطلاع ہے مگر سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے مشرق میں ایک چھوٹے طیارے کے حادثے میں بائیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں