افغان صدر حامد کرزئی بھارت پہنچ گئے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption رواں برس حامد کرزئی دوسری بار بھارت کا دورہ کررہے ہیں۔

افغان صدر حامد کرزئی اہم مذاکرات کے لیے منگل کو بھارت کے دارالحکومت دہلی پہنچ گئے ہیں۔

رواں برس افغان صدر کا یہ بھارت کا دوسرا دورہ ہے۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک متعدد سٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کریں گے جن میں سکیورٹی پر معاہدہ بھی شامل ہوگا۔

بھارت کا افغانستان میں اہم کردار رہا ہے اور وہ پہلے ہی افغانستان سے دو ارب ڈالر امداد کا وعدہ کرچکا ہے۔

حامد کرزئی کا دورہ ایک ایسے نازک وقت ہورہا ہے جب کابل میں حالیہ حملوں کے باعث اس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی آچکی ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں حامد کرزئی کہہ چکے ہیں کہ وہ افغانستان کے مستقبل کے منصوبوں کے لیے امریکہ، یورپ اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

بھارت میں مبصرین کا کہنا ہے کہ خطہ کے حالات میں حالیہ پیش رفت کے سبب بھارت کا افغانستان کی ترقی میں ایک اہم کردار نظر آرہا ہے۔

افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے آغاز کی وجہ سے بھارت کو افغانستان اور پاکستان کی سکیورٹی کی صورتحال پر خاصی تشویش ہے

افغان صدر حامد کرزئی اپنے دورۂ بھارت کے دوران بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے مذاکرات کریں گے اور توقع ہے کہ وہ کئی معاہدوں پر دستخط کریں گے جن میں زیادہ تر بھارت کی جانب سے امدادی ترقیاتی معاہدے ہوں گے۔

اسی بارے میں