انڈر ویئر بمبار، مقدمے کی سماعت آج

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption الزام ثابت ہونے کی صورت میں عبدل مطالب کو عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

امریکی جہاز کو مبینہ طور پر بم سے اڑانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار نائجیریا کے شہری کے مقدمے کی سماعت شروع ہونے والی ہے۔

چوبیس سالہ عمر فاروق عبدالمطلب پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز پر اپنے انڈر ویئر میں چھپائے گئے بم سے اڑانے کی کوشش کی۔

الزام ثابت ہونے کی صورت میں انھیں عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ عبدالمطلب نے سنہ دو ہزار نو میں ایمسٹر ڈیم سے ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی تاہم وہ منصوبے میں ناکام رہے۔ اور نتیجے میں وہ خود جل گئے۔

واضح رہے کہ پچھلے سال عبدالمطلب نے چار وکلاء کی ایک ٹیم کو معطل کر کے اپنا دفاع خود کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم فیڈرل جج کی طرف سے منتخب کیے گئے دفاعی وکیل اینتھنی چیمبرز صرف سماعت کا آغاز کریں گے۔

عبدالمطلب پر دیگر الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں جن میں تباہی پھیلانے والے اسلحے کو استعمال کرنے کی کوشش کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔

عبدالمطلب نے جج سے درخواست کی تھی کہ زخمی حالت میں ایف بی آئی کو دیے گئے بیانات کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنایا جائے کیونکہ ایف بی آئی نے ان کو نہیں بتایا تھا کہ ان کا کسی قسم کا بیان عدالت میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تاہم فیڈرل جج نے ان کی یہ درخواست مسترد کردی۔

اسی بارے میں