سو سالہ فوجا سنگھ کا ریکارڈ

فوجا سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption فوجا سنگھ فل میراتھن میں حصہ لینا چاہتے ہیں

سو سالہ بھارتی نژاد برطانوی شہری فوجا سنگھ نے سو سال کی عمر کے لوگوں کی سو میٹر دوڑ آٹھویں بار جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

فوجا سنگھ سنہ انیس سو گیارہ میں بھارت میں پیدا ہوئے تھے۔ فوجا سنگھ جب نواسی برس کے تھے تب ایک حادثے میں ان کے بیٹے اور اہلیہ کی موت ہو گئی، جس کے بعد فوجا سنگھ اکیلے ہوگئے اور انہیں ڈپریشن کی بیماری ہوگئی تھی۔

مایوسی اور غم سے لڑنے کے لیے فوجا سنگھ نے دوڑنا شروع کیا اور جلد ہی ان کی یہ کوشش شوق میں بدل گئی اور انہیں دوڑنے میں مزا آنے لگا۔

اپنے ہم عمر لوگوں کے ساتھ سو میر دوڑ کے مقابلے میں فوجا سنگھ آٹھ بار فاتح رہے ہیں۔

فوجا سنگھ اب آئندہ ٹورنٹو واٹر فرنٹ میراتھن میں حصہ لے کر میراتھن دوڑنا چاہتے ہیں اور ایک نیا ریکارڈ بنانا چاہتے ہیں۔

ٹورنٹو میراتھن میں پانچ ہزار افراد حصہ لیں گے جس میں فوجا سنگھ سب سے زیادہ عمر رسیدہ ہوں گے۔

مقابلے میں جیت حاصل کرنے کے بعد فوجا سنگھ نے کہا کہ ’مجھے دوڑنے میں مزا آتا ہے، ریکارڈ تو سمجھیں بونس ہے۔ میری خواہش ہے کہ میں دنیا کا سب سے عمر دراز دوڑنے والا شخص بنوں۔‘

فوجا سنگھ کے کوچ ہرمیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’دوڑنے سے فوجا سنگھ کی زندگی کو نیا رخ ملا ہے۔‘

فوجا سنگھ اس سے پہلے بھی کئی مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور اب ان کی خواہش ہے کہ وہ ہر عمر کے لوگوں کے ساتھ میراتھن میں دوڑیں۔

فوجا سنگھ ایک لمبے عرصے سے انگلینڈ میں قیام پذیر ہیں لیکن وہ اچھی پنجابی بولتے ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں دوڑنے میں بے حد مزہ آتا ہے۔

کینیڈا کے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے فوجا سنگھ نے کہا کہ ’دوڑنے سے پہلے ہمیں اپنی عمر کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔‘

اسی بارے میں