قنٹاس کے فضائی آپریشن کی بحالی

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption فضائی کمپنی پیر کی دوپہر سے بتدریج اپنی سروس شروع کرے گی

آسٹریلوی فضائی کمپنی قنٹاس نے ایک غیر جانبدار ٹربیونل کے احکامات کے بعد پیر سے اپنی سروس بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

قنٹاس نے سنیچر کو مزدور تنظیموں سے جاری تنازعے کے بعد اپنا تمام ملکی و غیر ملکی فضائی آپریشن معطل کر دیا تھا۔

فیئر ورکس آسٹریلیا نے فضائی کمپنی، یونین اور آسٹریلوی حکومت کا موقف سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں ٹربیونل کا کہنا تھا کہ مزدور یونینیں بات چیت شروع کریں اور اکیس دن کے اندر اندر کسی معاہدے پر متفق ہوں۔

آسٹریلیا کی حکومت نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ بدھ تک مکمل فضائی آپریشن بحال ہوجائے گا۔

ادھر قنٹاس کے سربراہ ایلن جوائس کا کہنا ہے کہ فضائی کمپنی پیر کی دوپہر سے بتدریج اپنی سروس شروع کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی کوشش ہوگی کہ جلد از جلد تمام آپریشن بحال کر دیا جائے۔

قنٹاس اور مزدور یونینوں کے درمیان یہ تنازعہ رواں برس اگست میں فضائی کمپنی اور مزدور تنظیموں کے درمیان خدمات کی ’آؤٹ سورسنگ‘ کے مسئلے پر اختلافات کے بعد شروع ہوا تھا۔

مزدور تنظیموں نے کہا تھا کہ اگر ایسا کیا گیا تو قنٹاس کے تقریباً ایک ہزار ملازمین کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔