مصر میں بس کا حادثہ، گیارہ سیاح ہلاک

فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption خیال ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا

مصر میں حکام کا کہنا ہے کہ بس کے ایک حادثے میں ہنگری کے گیارہ سیاح ہلاک ہوگئے ہیں۔

بس کا حادثہ مصر کے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے حرغدا میں پیش آیا۔ حرغدا دارالحکومت قاہرہ سے پانچ سو کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

مقامی خبررساں ایجنسی منٰی کے مطابق، خیال کیا جارہا ہے کہ حرغدا ائرپورٹ جاتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بس بے قابو ہوگئی اور الٹ گئی۔

اس حادثے میں ہنگری کے ستائیس شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

مصر میں خراب سڑکیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حادثات کا تناسب بہت زیادہ ہے۔

سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بس سیاحوں کو ان کے ہوٹل سے لے کر ائرپورٹ جارہی تھی کہ وہ حادثے سے دوچار ہوگئی۔

یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب مصر میں عیدالاضحٰی منائی جارہی تھی۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق مصر میں ہر سال ٹریفک کے حادثات میں چھ ہزار افراد اپنی جانیں گنوا دیتے ہیں جہاں کی کل آبادی تقریباً آٹھ کروڑ بیس لاکھ ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی شہر اسوان کے قریب بس کے ایک حادثے میں آٹھ امریکی سیاح ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی بارے میں