بنکاک سیلاب: بڑے پیمانے پر نقل مکانی

تھائی لینڈ تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سیلابی پانی اب بنکاک شہر کے اندورن تک پہنچ گیا ہے۔

تھائی لینڈ میں دارالحکومت بنکاک کے مزید ضلعوں سے لوگوں کو نقل مکانی کرنے کو کہہ دیا گیا جہاں سیلاب کا پانی اب بھی داخل ہو رہا ہے۔

سیلابی پانی اب شہر کے اندرون تک پہنچ گیا ہے تاہم حکام اب بھی بنکاک شہر کے تجارتی مرکز کو خشک رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تھائی لینڈ میں آئے سیلاب کے نتیجے میں اب تک پانچ سو سے زائد افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

امدادی اداروں نے مسلسل بڑھتے ہوئے گندے پانی میں رہنے والے لوگوں کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بنکاک شہر کے ایک تہائی اضلاع میں مکمل یا جزوی نقل مکانی کے احکامات جاری کر دیِ گئے ہیں جبکہ شہر میں اب بھی پانی داخل ہو رہا ہے۔

تھائی لینڈ کے سیلاب زدہ صوبے سے پانی بنکاک کے شمال سے داخل ہو رہا ہے اور شہر کے اندر اور گرد و نواح سے گذرتا ہوا سمندر تک جا رہا ہے۔

شہر کے حکام کو پانی کو زیادہ تیز فتار سے شہر سے نکالنے کے لیے مزید پمپس دیے گئے ہیں۔ لیکن زیادہ تر ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی علاقے آئندہ دو ہفتوں تک پانی میں ڈوبے رہیں گے۔

تھائی لینڈ کے وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد تعمیرِ نو کے لیے تین ارب ڈالر کا منصوبہ زیرِ غور ہے تاہم کئی لوگوں کا اندازہ ہے کہ یہ لاگت بڑھ سکتی ہے۔

اسی بارے میں