اٹلی:ماریو مونٹی وزیر اعظم نامزد

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اٹلی میں ماریو مونٹی کو اچھی شہرت کےحامل ماہر معاشیات مانا جاتا ہے

اٹلی کے صدر جارجیو نیپولیتانو نے یورپی یونین کے سابق کمشنر ماریو مونٹی کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ ماریو مونٹی کو حکومت بنانے کی دعوت وزیر اعظم سلویو برلسکونی کےمستعفیٰ ہونے کے بعد دی گئی ہے۔

ماریو مونٹی نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح ملک کی معیشت کو سنھبالنا ہوگا اور وہ کابینہ کی تشکیل کے لیے فوری بات چیت شروع کرنے والے ہیں۔اٹلی کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے ماریو مونٹی کی تقرری کی حمایت کی ہے۔

اٹلی کی کریڈٹ ریٹنگ گرنے کے بعد اس کو ملنے والے قرضوں کی شرح سود میں دوگنا اضافے کے بعد اٹلی کے قرضوں کا بحران شدید ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سلویو برلسکونی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔

حکومت تشکیل دینے کی دعوت ملنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ماریو مونٹی نے کہا کہ اٹلی کی معیشت یورپی یونین کی طاقت ہونی چاہیے نہ کہ اس کی کمزوری ۔

انہوں نے کہا ہمیں اپنی معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے پیدوار کا راستہ اپنانا ہوگا۔

یورپی یونین کے اہلکاروں نے ماریو مونٹی کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ارسٹھ سالہ ماریو مونٹی دو برسوں تک یورپی یونین کے اندرونی مارکیٹ اور مقابلے کے کمشنر کے طور پر کام کرتے رہے۔ اس کے بعد وہ میلان کی یونیورسٹی بوکونی میں ریکٹر رہے اور نومبر دو ہزار گیارہ میں سینٹر بنے۔

روم میں بی بی سی کے نامہ نگار ایلن جانسٹن کے مطابق ماریو مونٹی ایک اچھی شہرت کے حامل ماہر معاشیات ہیں۔

اسی بارے میں