مظاہرین پر کالی مرچ کا سپرے، تحقیقات کا فیصلہ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یونیورسٹی کے چانسلر نے ہی مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو بلوایا تھا

امریکہ کی ایک یونیورسٹی نے کہا ہے کہ اس نے طلبہ کے ایک مظاہرے کو منتشر کرنے کی غرض سے پولیس کی جانب سے کالی مرچ سے تیارکردہ اسپرے کے استعمال کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کیلیفورنیا کی یونیورسٹی میں رونماء ہونے والے اس واقعے کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں پولیس اہلکار نشستوں پر بیٹھے مظاہرین کے چہروں پر قریب سے یہ اسپرے کرتے نظر آتے ہیں۔

یونیورسٹی کے چانسلر نے ہی مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو بلوایا تھا۔ تاہم انہوں نے اسے خوفناک واقعہ قرار دیا ہے۔

جمعہ کو یونیورسٹی کیمپس میں ہونے والا یہ احتجاجی مظاہرہ اصل میں ’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ کے نام سے اقتصادی نظام کی خرابیوں اور معاشی تفریق کے خلاف جاری امریکی سول سوسائٹی کی تحریک کے حق میں منعقد کیا گیا تھا۔

اس مظاہرے کا ایک اور مقصد کیلیفورنیا یونیورسٹی کی برکلے شاخ میں اسی طرح کے ایک مظاہرے کے دوران پولیس کے لاٹھی چارج کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

مظاہرین پر آنکھوں کو چندھیا دینے والا اسپرے کرنے کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر بڑی تیزی سے پھیلی ہے اور اس نے امریکی طلبہ میں اشتعال پیدا کردیا ہے۔

اسی بارے میں