عالمی تجارت بہتر بنانے کے لیے چین کا وعدہ

ہو جین تاؤ تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption چینی صدر ہو جین تاؤ نے کہا کہ ان کا ملک تجارتی پالیسی میں توازن کے لیے سنجیدہ ہے۔

چین کے صدر ہو جینتاؤ نے وعدہ کیا ہے عالمی تجارت کو بہتر بنانے کے لیے چین کی درآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔

عالمت ادارہ تجارت میں چین کی شمولیت کے دس برس پورے ہونے پر انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ برس میں چین کی درآمدات کو پچاس کھرب ڈالر سے بڑھا کر اسی کھرب ڈالر کر دیا جائے گا۔

گذشتہ برس چین نے دوسرے ممالک سے صرف چودہ کھرب ڈالر کے قریب مصنوعات درآمد کیں۔

اس سال عالمی تجارت بہت سست رفتار رہی کیونکہ چین کے سب سے بڑے تجارتی حلیف یورپ کے ساتھ کاروبار معتدل رہا۔

یورپ اور امریکہ میں کمزور اقتصادی پیداوار کی وجہ سے چین پر دنیا کی دوسری بڑے معیشت ہونے کے ناطے کافی دباؤ ہے کہ وہ اپنی درآمدات میں اضافہ کرے۔

چین کے صدر ہو جین تاؤ نے اتوار کے روز کہا کہ ان کا ملک تجارتی پالسی میں توازن کے لیے سنجیدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا ’ہم درآمدات میں اضافے پر غور کریں گے کیونکہ یہ غیر ملکی تجارت کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔‘

اس پہلے چین کے وزیرِ اعظم وین جیا باؤ کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا اور اسے ملکی اور عالمی معاشی ترقی دونوں ہی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ وسیع معاشی اور تجارتی پالیسیاں چین اور دیگر دنیا کے لیے مدد گار ثابت ہوں گی۔

اسی بارے میں