بی بی سی نشریات پر وزیرِ اعظم کے اعلان کا خیرمقدم

برٹش براڈکاسکٹنگ کارپوریشن بی بی سی نے اس خبر کا خیر مقدم کیا ہے جس میں وزیرِ اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے کیبل آپریٹرز کو حکم دیا ہے کہ وہ بی بی سی ورلڈ نیوز پاکستان میں بحال کریں۔

بی بی سی نے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئےامید ظاہر کی ہے کہ ان کے احکامات پر فوری عملدرآمد ہو گا اور پاکستان کے ناظرین کے لیے بی بی سی کی نشریات بحال ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان پر عملدرآمد سے پاکستان کے ناظرین دنیا بھر سے بی بی سی کی معیاری، مستند اور غیر جانبدار خبروں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

بی بی سی کی انتظامیہ نے کہا کہ ’ہم وزیر اعظم کے اس بیان کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں جس میں انہوں نے ذرائع ابلاغ کی آزادی پر زور دیا تھا اور بی بی سی کی ادارتی آزادی کا اعتراف کیا تھا۔‘

گزشتہ سال نومبر میں پاکستان میں کیبلز آپریٹرز نے بی بی سی کی نشریات کو ملک کے اندر نشر نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تنظیم کے چیئرمین خالد آرائیں نے بی بی سی کی نشریات پر پابندی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ عالمی میڈیا پاکستان اور پاکستانی افواج کے بارے میں منفی تشہیر کرتے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ سال نومبر میں بی بی سی ٹی وی پر پاکستان اور طالبان کے روابط کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم نشر ہوئی تھی جس پر پاکستان میں کیبل آپریٹرز کی تنظیم نے اپنے طور پر بی بی سی ورلڈ سروس کی نشریات بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسی بارے میں