شام پر عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس آج

تصویر کے کاپی رائٹ NA
Image caption عرب لیگ کے وزراء کا اجلاس اتوار کی سہہ پہر کو متوقع ہے جس میں وزراء مشترکہ مشن کو شام بھیجنے پر غور کریں گے

سلامتی کونسل میں شام پر قراداد کی ناکامی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے عرب ممالک کے وزرائے خارجہ اتوار کو قاہرہ میں مل رہے ہیں۔

عرب وزرائے خارجہ اس اجلاس میں طے کریں گے کہ شام میں شورش پر قابو پانے کے لیے کون سے ممکنہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں غور کیا جاسکتا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کا مشترکہ مشن شام بھیجا جائے اور شام میں مرکزی حزبِ اختلاف کے گروپ کا تعین کیا جائے۔

عرب لیگ کے وزراء کا اجلاس اتوار کی سہ پہر کو متوقع ہے جس میں حکام کا کہنا ہے کہ وزراء مشترکہ مشن کو شام بھیجنے پر غور کریں گے جو عرب لیگ کے مبصرین کی جگہ لے گا۔ عرب لیگ کے مبصرین کا مشن جنوری میں تشدد کے تسلسل کے باعث واپس آگیا تھا۔

ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس میں شام کی قومی کونسل کو حزبِ اختلاف کے مرکزی گروپ کے طور پر دیکھے جانے کا امکان ہے تاہم اس معاملے پر ابھی مکمل اتفاقِ رائے نہیں ہے۔

عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد توقع ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کا اجلاس بھی ہوگا جس کے رکن ممالک نے حالیہ ہفتے میں اپنے ملکوں سے شام کے سفیروں کو بے دخل کیا ہے۔

خلیجی تعاون کونسل اور عرب لیگ کے رکن سعودی عرب نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک عبوری قرارداد پیش کی ہے جو اس قرارداد کے مسودے سے مماثلت رکھتی ہے جسے روس اور چین ویٹو کرچکے ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ عبوری قرارداد عرب لیگ کے امن منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہے جس کے تحت شام کے صدر بشارالاسد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اقتدار اپنے نائب صدر کے حوالے کریں اور ملک میں حزبِ اختلاف کے ساتھ مل کر قومی حکومت تشکیل دینے کے لیے راہ ہموار کریں۔

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی شام پر پیر کو بحث کرے گی جس سے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی ہائی کمشنر نوی پلے بھی خطاب کریں گی تاہم اس وقت تک عبوری قرارداد پر ووٹنگ کی توقع نہیں ہے۔

جنرل اسمبلی میں قرارداد کو ویٹو کرنے کا حق کسی بھی رکن ملک کو حاصل نہیں ہے تاہم جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی قراردادوں کی قانونی حیثیت نہیں جیسا کہ انہیں سلامتی کونسل کے اجلاس میں منظوری کے بعد حاصل ہوتی ہے۔

اسی بارے میں