برطانیہ: رواں سال چوتھا جیک پوٹ انعام

تصویر کے کاپی رائٹ Other

برطانیہ میں رواں سال چوتھی بار یورو ملینز لاٹری کا انعام جیتا گیا ہے اور ابھی وہاں جمعہ کو نکلنے والے دو کروڑ اکیس لاکھ پونڈ کے انعام کا دعویٰ کیا جانا ہے۔

جیک پاٹ انعام جیتنے والے شخص کے لاٹری ٹکٹ نمبر پانچ، چھ، گیارہ، تیس اور چوالیس تھے اور اس کے لکی سٹار نمبرز بھی عین موزوں دو اور چھ تھے۔

برطانیہ میں یورو ملینز کو چلانے والے کیملوٹ کا کہنا ہے ’یہ بہت حیران کن ہے کہ یہاں برطانیہ میں ایک اور شخص نے انعام جیتا ہے، ہم حالیہ برسوس میں بہت خوش قسمت ثابت ہوئے ہیں۔‘

اس سے پہلے گزشتہ ہفتے ایک شخص نے چار کروڑ ساٹھ لاکھ پونڈ کا انعام جیتا تھا۔

گزشتہ ماہ فروری میں کیسے کرینگٹن اور میٹ ٹوپہم نے چار کروڑ باون لاکھ پونڈ، جنوری میں گیرتھ اور کیتھرین بُل نے چار کروڑ ساٹھ لاکھ پونڈ کا انعام جیتا تھا۔

اس کے علاوہ گزشتہ سال اکتوبر میں کیمبرج شائر کے ڈیوڈ اور اینگلا ڈیوس نے دس کروڑ دس لاکھ پونڈ جبکہ جولائی دو ہزار گیارہ میں برطانیہ میں خریدے گئے ایک لاٹری ٹکٹ پرایک سو اکسٹھ ملین پونڈ کا ریکارڈ جیک پاٹ انعام نکلا تھا۔

نو یورپی ممالک برطانیہ، جمہوریہ آئر لینڈ، پرتگال، فرانس، بیلجئیم، لکسمبرگ، سوئٹرزلینڈ اور آسٹریا یورو ملینز لاٹری میں شرکت کرتے ہیں اور ان ممالک سے خریدے جانے والے لاٹری ٹکٹ جیک پوٹ فنڈ میں جاتے ہیں۔

برطانیہ میں یورو ملینز کو چلانے والے کملوٹ کا کہنا ہے کہ یورو ملینز میں شرکت کرنے والوں کے پاس جہاں زندگی کو بدلنے کا موقع ہوتا ہے وہیں اس کے ذریعے نیشنل لاٹری کے لیے ستائیس ارب پونڈ کی رقم اکٹھی کرنے میں مدد ملتی اور یہ رقم برطانیہ بھر میں مختلف برداریوں کی فلاح پر خرچ کی جاتی ہے۔

اسی بارے میں