پولینڈ: ٹرین کے حادثے میں سولہ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پولینڈ میں دو ٹرینوں کے تصادم میں کم از کم سولہ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولینڈ کے ٹیلی ویژن کے مطابق ٹرین کا حادثہ سنیچر کی شام وارسا - کراکووف کے مرکزی ریلوے ٹریک پر پیش آیا۔

حادثے کے وقت ایک ٹریک پر مرمت کا کام جاری تھا۔

تصادم میں تین مسافر بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا اور امدادی کارروائیوں کی توجہ ان بوگیوں سے مسافروں کو تلاش کرنے پر مرکوز ہے۔

ریلوے کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق دو ایکسپریس ٹرینوں میں سے ایک غلط ٹریک پر تھی۔

پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹوسک نے کابینہ کے تین وزراء کے ہمراہ سنیچر کی صبح جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

ٹیلی ویژن نیوز چینل ٹی وی این چوبیس کے مطابق بظاہر حالیہ برسوں میں پیش آنے والا ٹرین کا یہ بدترین حادثہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ مسافر اب بھی ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے وارسا اور ورکلو کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار وجتاسک نے ایک پولش ٹی وی چینل کو بتایا کہ امدادی کارروائی دشوار اور کافی پیچیدہ ہے۔

انھوں نے کہا ’مسافر بوگیوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، ہمارا متاثرین سے رابطہ ہے اور ہم بہت احتیاط سے ان تک پہنچ رہے ہیں۔‘

اسی بارے میں