’لینِنگ ٹاور آف پیسا‘ سبز ہو جائے گا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

اٹلی کے تاریخی مقام ’لینِنگ ٹاور آف پیسا‘ کو اس سال سینٹ پیٹرکس ڈے کی تقریبات کے لیے سبز رنگ سے سنوارا جائے گا۔

دنیا کے مشہور مقاموں کو سینٹ پیٹرکس ڈے کے لیے سبز کرنا آئرلینڈ کی حکومت کا ایک منصوبہ ہے جو گزشتہ تین سال سے جاری ہے لیکن لینِنگ ٹاور آف پیسا اور امریکہ اور کینیڈا کے سرحد پر واقع نائیگرا فالز اب کی بار پہلی مرتبہ سبز کیے جانے والے مقاموں میں شامل کیے جا رہے ہیں۔

آئرلینڈ میں سیاحت کے شعبے سے وابستہ اہلکار نیل گبنز کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد آئرلینڈ میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

’ہم دنیا بھر میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے ساتھ ساتھ ان تک یہ پیغام پہنچائیں گے کہ آئرلینڈ میں تفریح، نظاورں اور ثقافتی سرگرمیوں سمیت بہت کچھ کرنے اور دیکھنے کو ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سال سبز رنگ میں ڈھلنے والے مقاموں میں برطانیہ کی لندن آئی اور نیو یارک کی کرائسلر بلڈنگ بھی شامل ہے۔

نیل گبنز کا کہنا تھا ’ہم بہت خوش ہیں کہ اتنی مشہور جگہیں ہمارے ساتھ آئندہ ہفتے تقریبات میں شامل ہوں گی۔‘

انہوں نے کہا ’دنیا بھر کے لوگ سینٹ پیٹرکس ڈے کو آئرلینڈ کے ساتھ فوراً منصوب کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ہم سیاحت کی پیشکش سترہ مارچ کے آس پاس منظر عام پر لانا چاہتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ سنہ دو ہزار گیارہ میں تقریباً پندرہ لاکھ لوگ آئرلینڈ آئے تھے جو دو ہزار دس سے چھ فیصد زیادہ ہے۔