دنیا کی امیر ترین خاتون:گینا رائن ہرٹ

گینا رائن ہرٹ تصویر کے کاپی رائٹ ap
Image caption رائن ہرٹ کی دولت میں اس اضافے سے وہ امریکی سٹور وال مارٹ کی مالک کرسٹی والٹن سے بھی آگے نکل گئی ہیں

آسٹریلیا کے ایک بزنس میگزین کے مطابق خام لوہے کی کانوں کی مالکن آسٹریلوی خاتون گینا رائن ہرٹ دنیا کی امیر ترین خاتون بن گئی ہیں۔

میگزین کا کہنا ہے کہ اٹھاون سالہ رائن ہرٹ کے اثاثوں کی مالیت اب اٹھارہ ارب پاؤنڈ ہے اور اب ممکن ہے کہ وہ دنیا کی پہلی شخصیت بن جائیں جن کے اثاثوں کا تخمینہ ایک کھرب ڈالر ہو سکتا ہے۔

میگزین کے مطابق رائن ہرٹ کی لوہے کی ایمپائر ایک دن میں باون ملین آسٹریلوی ڈالر جبکہ ہرگھنٹے میں ایک ملین ڈالر کا کاروبار کر رہی ہے۔

رائن ہرٹ کی دولت میں بے مثال اضافہ ہوا ہے۔ اس کی وجہ گزشتہ چھ ماہ میں نئے منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری، پروڈکشن میں اضافہ اور خام لوہے کی قیمت میں اضافہ ہے۔

رائن ہرٹ کی دولت میں اس اضافے سے وہ امریکی سٹور وال مارٹ کی مالک کرسٹی والٹن سے بھی آگے نکل گئی ہیں۔

سڈنی میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈنکن کینڈی کا کہنا ہے کہ رائن ہرٹ نے کانوں سے متعلق کمپنیوں پر ٹیکس عائد کرنے کے حکومت کے فیصلے کے خلاف مہم میں شامل ہو کر تنازعہ کھڑا کر دیا تھا۔

نامہ نگار کے مطابق اپنے فیملی ٹرسٹ پر کنٹرول کے معاملے میں بھی ان کا اپنے چار بچوں کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا تھا۔

اسی بارے میں