ٹوئٹر پر’فالو‘ کرنے پر نئے مکان کا تحفہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وینزویلا میں رواں برس اکتوبر میں صدارتی انتخاب ہونا ہے

جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا میں ایک نوجوان خاتون کو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر ہوگو شاویز کی تیس لاکھویں’فالوئر‘ یا مداح بننے پر تحفتاً ایک نیا مکان دیا گیا ہے۔

صدر شاویز نے پیر کو نٹالیا ولادی ویسو کو ٹوئٹر پر بھیجے گئے پیغام میں بتایا تھا کہ ان کے فالو کرنے سے ٹوئٹر پر صدر شاویز کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والوں کی تعداد تیس لاکھ تک پہنچ گئی ہے جس پر وہ انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔

بعدازاں ہوگو شاویز کی انتخابی مہم کے مینیجر کارلوس ماتا فیگوئرا نے اعلان کیا کہ انیس سالہ نٹالیا کو ایک مکان دیا جائے گا۔

جمعرات کو اپنے نئے مکان کا قبضہ ملنے کے بعد نٹالیا نے ٹوئٹر پر ہی صدر شاویز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جزیرہ مارگریٹا پر واقع یہ مکان بہت خوبصورت ہے۔

وینزویلا میں حکومت کے مخالف گستاو کورونل کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناقابلِ قبول بات ہے کہ عوامی رقم سے تعمیر کیا ایک گھر کسی کو اس لیے دے دیا گیا کہ وہ صدر کی سیاسی حامی ہیں۔

وینزویلا میں رواں برس اکتوبر میں صدارتی انتخاب ہونا ہے اور صدر شاویز کی حکومت اس الیکشن سے قبل نہ صرف نئی عوامی رہائشی عمارتیں تعمیر کر رہی ہے بلکہ غرباء میں ہزاروں مکانات بھی تقسیم کر رہی ہے۔

اسی بارے میں