نائجیریا:مسافر بردار طیارہ تباہ، 150 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

نائجیریا کے سب سے بڑے شہر لاگوس میں ایک مسافر بردار طیارے کےگر کر تباہ ہونے اور اس میں سوار تمام افراد کی ہلاکتوں پر نائجیریا میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق نجی کمپنی کا یہ طیارہ بوئنگ ایم ڈی- 83 ایک پرنٹنگ کے کارخانے اور رہائشی مکان سے ٹکرا گیا تھا۔

امدادی ٹیم رات سے ہی حادثے کی جگہ پر موجود ہیں اور امدادی کاموں میں لگی ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق اس ہوائی جہاز میں سوار تمام ایک سو پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں ان کے ساتھ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زمین پر بھی کچھ لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ بہر حال ان کی تعداد کا ابھی تک علم نہیں ہو سکا ہے۔

بہر حال یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زمین پر مرنے والوں کی تعداد اتوار کا دن ہونے کے سبب کم ہوگی۔

یہ طیارہ ایرپورٹ کے قریب شمال میں واقع ایجو علاقے میں زمین پر آیا۔

لاگوس میں قائم دانا ایئر کا یہ طیارہ نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا سے لاگوس آ رہا تھا جب یہ ایک عمارت سے ٹکرایا اور شعلوں میں تبدیل ہو گیا۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کا کہنا ہے کہ فائر ٹیم نے بری طرح سے تباہ ہونے والی عمارت سے کم سے کم ایک کی لاش کو باہر نکال لیا ہے جبکہ کئی جلی ہوئی لاشیں وہاں دیکھی جا سکتی ہیں۔

امدادی ٹیم باقی لاشوں اور زندہ بچ جانے والے لوگوں کو ملبے سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

حالانکہ نائجیریا کے شہری ہوا بازی کے شعبے کے سربراہ نے کہا ہے کہ طیارے میں سوار شاید ہی کوئی شخص زندہ بچا ہو۔

لاگوس میں آفات سے نمٹنے کے محکمے نے کہا ہے کہ ابھی ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے فورا بعد ہوائی اڈے کے پاس موجود عمارت کے ہر طرف گہرا دھواں چھا گیا تھا۔ ایک شخص نے بتایا ’طیارہ بہت نیچے پرواز بھر رہا تھا، اور اس میں سے بہت تیز آواز آ رہی تھی، جس کے بعد وہ عمارت سے ٹکرا گیا اور اس سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔‘

نائیجیریا کے شہری ہوا بازی کے شعبے کے سربراہ نے خبر رساں ایجنسی ایف پی سے کہا کہ دانا ایئر لائنز کا یہ طیارہ ابوجا سے لاگوس جا رہا تھا اور اس میں 153 لوگ سوار تھے۔

حادثے کے مقام پہر سیکنڑوں لوگ جمع ہوگئے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ جس جگہ حادثہ ہوا ہے وہ جھگیوں والا علاقہ ہے۔

اطلاعات ہیں کہ طیارے براہ راست بلڈنگ سے نہیں ٹکرایا تھا بلکہ اس کے نیچے کا حصہ عمارت سے جا ٹکرایا۔ طیارہ پہلے ایک فرنیچر کی دکان سے ٹکرایا اور پھر قریب موجود دو منزلہ عمارت سے جا ٹکرایا۔ طیارے کا آگے کا حصہ قریب کی ایک عمارت گھس گیا۔

آگ بجھانے والے محکمے کے لوگ اور امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر موجود ہے اور ریڈ کراس کی ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی ہے۔

اسی بارے میں