ملکہ برطانیہ کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا اختتام

آخری وقت اشاعت:  منگل 5 جون 2012 ,‭ 14:42 GMT 19:42 PST

ملکہ نے شاہی بگھی میں بیٹھ کر اختتامی جلوس میں شرکت کی

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی تخت نشینی کے ساٹھ برس کی تکمیل پر ڈائمنڈ جوبلی تقریبات اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہیں۔

تقریبات کے آخری مرحلے میں منگل کی سہ پہر ملکہ الزبتھ بکنگھم پیلس کی بالکونی پر عوامی دیدار کے لیے تشریف لائیں۔

اس موقع پر ان کے خاوند ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ علالت کی وجہ سے موجود نہیں تھے تاہم شہزادہ چارلس، کمیلا پارکر، ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم، ڈچز آف کیمبرج کیتھرین میڈلٹن اور شہزادہ ہیری ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں برطانوی شہری محل کے اردگرد جمع تھے جنہوں نے برطانوی پرچم لہرا کر شاہی خاندان کا استقبال کیا۔

دیدارِ عام کے بعد برطانوی شاہی فضائیہ کے طیاروں اور ملکہ کے محافظین نے انہیں سلامی پیش کی۔

اس سے قبل منگل کو تقریبات کے آخری دن ملکہ نے سینٹ پال کیتھیڈرل میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں آرچ بشپ آف کنٹربری نے ملکہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈائمنڈ جوبلی کا اختتامی جلوس: لائیو

ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کی ساٹھویں سالگرہ کی مناسبت سے ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا اختتام ایک جلوس کی صورت میں ہو رہا ہے۔

اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

متبادل میڈیا پلیئر چلائیں

دعائیہ تقریب کے بعد ملکہ لندن کے لارڈ میئر کی سرکاری رہائش گاہ مینشن ہاؤس میں منعقدہ ایک استقبالیہ میں شامل ہوئیں جس کے بعد انہوں نے شاہی بگھی میں بیٹھ کر اختتامی جلوس میں شرکت کی۔

شاہی خاندان کے علاوہ استقبالیہ تقریب میں برطانوی و‏زیراعظم ڈیوڈ کیمرن، غیر ملکی سفیروں اور دنیا بھر سے آئے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ملکہ کی تخت نشینی کے ساٹھ برس کی تکمیل پر تقریبات کا سلسلہ گزشتہ دو روز سے جاری تھا اور پیر کی رات اس سلسلے میں ایک محفلِ موسیقی منعقد ہوئی تھی جس میں بارہ ہزار افراد شریک ہوئے تھے۔

اس تقریب میں کائلی منوگ، روبی ولیمز، سر ایلٹن جان، سر کلف رچرڈز سمیت بہت سے گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا تھا اور اس کا اختتام سر پال میکارٹنی کے نغمے اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے ہوا تھا۔

اس سے قبل اتوار کو دریائے ٹیمز میں ایک ہزار کشتیوں نے ایک بحری پریڈ میں حصہ لیا تھا جس کا مقصد ملکہ برطانیہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

.

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔