اٹارنی جنرل کانگریس کی توہین کے مرتکب

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption یہ ان اہم کاموں سے میری توجہ نہیں ہٹا سکتے جو ہماری ذمہ داری ہیں:ایرک ہولڈر

امریکی کانگریس نے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کو ایک تحقیقاتی عمل کے لیے درکار فائلیں فراہم نہ کرنے پر کانگریس کی توہین کا ملزم قرار دے دیا ہے۔

کانگریس میں اٹارنی جنرل کے حق میں سترہ اور مخالفت میں دو سو پچپن ووٹ ڈالے گئے۔

ایرک ہولڈ امریکی تاریخ میں پہلے اٹارنی جنرل اور امریکی صدر کی کابینہ کے رکن ہیں جن پر عہدے پر رہتے ہوئے ایسا الزام عائد کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کانگریس کو ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ آپریشن میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں مواد دینے سے انکار کیا تھا۔

اس آپریشن میں امریکی ایجنٹس ریاست ایریزونا میں فروخت ہونے والے ان سینکڑوں غیرقانونی ہتھیاروں کا پتہ لگانے میں ناکام رہے تھے جنہیں میکسیکو میں ہدف بنا کر قتل کرنے کی وارداتوں میں استعمال کیا گیا۔

ایسے ہی دو ہتھیار دسمبر دو ہزار دس میں ایک امریکی ایجنٹ کی ہلاکت کی جائے وقوع سے ملے تھے۔ ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ آپریشن دو ہزار گیارہ کے اوائل میں ختم کر دیا گیا تھا۔

امریکی اٹارنی جنرل نے اس ووٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ قانون ساز ادارے کے ارکان بے بنیاد سازشی نظریات کا پرچار کر رہے ہیں۔

ایرک ہولڈر نے کہا کہ ’یہ ان اہم کاموں سے میری توجہ نہیں ہٹا سکتے جو ہماری ذمہ داری ہیں‘۔

کانگریس میں ووٹنگ کے دوران جہاں ڈیموکریٹس کی بڑی تعداد نے اپوزیشن ارکان کا ساتھ دیا وہیں سپیکر نینسی پلوسی سمیت درجنوں ارکانِ کانگریس ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

ایوانِ نمائندگان نے پچانوے کے مقابلے میں دو سو اٹھاون ووٹوں کی اکثریت سے اس قرارداد کی بھی منظوری دی جس میں عدالتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایرک ہولڈر کو مجبور کریں کہ وہ متعلقہ دستاویزات کانگریس کو سونپ دیں۔

ان فائلوں پر تحقیقات کا معاملہ چار فروری دو ہزار گیارہ کو اس وقت شروع ہوا تھا جب امریکی محکمۂ انصاف نے کانگریس کو لکے گئے خط میں اس بات سے انکار کیا تھا کہ اس نے غیرقانونی ہتھیار میکسیکو پہنچانے کی منظوری دی تھی یا وہ اس کے بارے میں جانتا تھا۔

محکمۂ انصاف نے یہ خط دس ماہ بعد واپس لے لیا تھا اور تسلیم کیا تھا کہ آپریشن کے دوران ہتھیار سرحد پار گئے تھے۔

محکمے کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کانگریس کو متعلقہ فائلیں اس لیے نہیں دے سکتا کیونکہ اس عمل سے جاری فوجداری تحقیقات متاثر ہو سکتی ہیں۔