نائیجریا: ٹینکر میں آگ لگنے سے سو افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption نائجیریا میں ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں

نائجیریا میں حکام کے مطابق ملک کے جنوبی حصے میں پٹرول کے ایک ٹینکر میں لگنے والی آگ سے سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق آگ نے فوری طور پر ٹینکر کو اپنی لپیٹ میں نہیں لیا تاہم جب لوگوں نے ٹینکر میں موجود پٹرول اکھٹا کرنا شروع کیا تو اس دوران ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے نتیجے میں متعدد افراد جھلس کر مر گئے۔

نائجیریا میں صحافی ایمیکا ایدیکا نے بی بی سی کو بتایا کہ جھلس کر مرنے والے افراد کی تدفین ریور سٹیٹ میں ادا کی گی جبکہ پینتس افراد کو ہسپتال لے جایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ایک اور صحافی نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے ایک سو سے زیادہ لاشیں گنی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی رائیٹرز نے ریور سٹیسٹ پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ نائیجریا میں بدھ کی صبح پٹرول سے بھرا ایک ٹینکر گر گیا اور جب اس ٹینکر سے لوگوں نے پٹرول اکھٹا کرنا شروع کیا تو اس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

نائجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمینٹ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک پچانوے لاشیں مل چکی ہیں۔

نائجیریا کے اخبار ڈیلی ٹائمز کے مطابق ملک کے روڈ سیفٹی شعبے کا کہنا ہے کہ پٹرول بھرے ٹینکر نے تین دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

نائجیریا میں ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔