جنوبی افریقہ: کان کن ہلاکتوں پر سوگ کا اعلان

آخری وقت اشاعت:  پير 20 اگست 2012 ,‭ 01:04 GMT 06:04 PST

ماریکانہ کان میں پولیس کی فائرنگ سے کم سے کم چونتیس افراد ہلاک ہو گئے تھے

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے ماریکانہ کان میں جعمرات کو ہڑتالی کان کنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں ہونے والی ہلاکتوں پر ایک ہفتے کا سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے دارالحکومت جوہانسبرگ کے شمال مغرب میں واقع ماریکانہ کان میں پولیس کی فائرنگ سے کم سے کم چونتیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

صدر جیکب زوما نے ایک بیان میں کہا کہ قوم اس واقعہ کے بعد صدمے میں ہے۔

انہوں نے کہا ’ہمیں اس ہفتے میں انسانی زندگی کی حساسیت اور ان کے زندہ رہنے کے حق کو اجاگر کرنا ہے۔‘

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کا کہنا ہے کہ تشدد کے اس واقعے پر وہ حیران اور مایوس ہیں۔

جنوبی افریقہ اور اس کے بیرونی مشنز میں ایک ہفتے کے سوگ کے دوران ملک کا قومی پرچم آئندہ اتوار تک سرنگوں رہے گا۔

واضح رہے کہ لونمن کی ماریکانہ کان گزشتہ کئی ماہ سے ملازمین کی تنخواہ کے مسئلے پر کشیدگی کا مرکز رہی ہے۔

یہ کشیدگی اس وقت زیادہ بڑھ گئی جب وہاں موجود دو حریف مزدور یونینز میں جھگڑا شروع ہوا۔

جوہانسبرگ میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ماریکانہ کان میں ہونے والے تشدد کا الزام وہاں موجود دو حریف مزدور یونینز پر عائد کیا جا رہا ہے۔

طلاعات کے مطابق ماریکانہ کان کے قریب کئی ہزار کان کنوں کے اکٹھا ہونے کے بعد پولیس کو مداخلت کے لیے بھیجا گیا تھا کہ تبھی پولیس نے فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی جانب سے جمعرات کو فائرنگ شروع کرنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوئی تاہم عینی شاہدین سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے فائرنگ اس وقت شروع کی جب مظاہرین نے پولیس کی لائن کراس کرنے کی کوشش کی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی پولیس سربراہ ریا کا کہنا ہے کہ پولیس کو اپنا دفاع کرنے پر مجبور کیا گیا۔

اسی بارے میں

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔