’داخل ہونا سفارتی خودکشی ہوگی‘

آخری وقت اشاعت:  بدھ 22 اگست 2012 ,‭ 06:36 GMT 11:36 PST
جولین اسانژ

وکی لیکس کے بانی نے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ لے رکھی ہے

جولین اسانژ کو سیاسی پناہ دینے والے ملک ایکواڈور کے صدر رافائل کوریا کا کہنا ہے کہ اگر برطانیہ نے ان کے ملک کے سفارتخانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تو وہ سفارتی خودکشی کرئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدام سے برطانیہ دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو خطرے میں ڈال دے گا۔

یہ بات انہوں نے ریاستی ٹی وی پر دیے گئے ایک بیان میں کہی۔

جولین اسانژ جون سے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ جمعرات کو انہیں باضابطہ طور پر سیاسی پناہ دینے کا اعلان کیا گیا۔

اس سے پہلے ایکواڈور کے صدر کہہ چکے ہیں کہ اگر برطانوی حکومت اس بات کی ضمانت دے کہ انہیں ’کسی تیسرے ملک‘ کے حوالے نہیں کیا جائے گا تو انہیں برطانوی حکام کے حوالے کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

سویڈن کی حکومت اس بات پر زور دے رہی ہے کہ وہ ایک ایسے معاملے میں ضمانت نہیں دے سکتی جس کا فیصلے عدالت میں ہوگا۔

وکی لیکس کے بانی جولین اسانژ مجرمانہ جنسی حملے کے الزامات میں ایک مقدمے میں برطانوی حکام کو مطلوب ہیں جن سے وہ انکار کرتے ہیں۔

ایکواڈور نے جولین اسانژ کو جمعرات کو سیاسی پناہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم برطانیہ کا موقف ہے کہ وہ اسانژ کو ملک چھوڑنے کا محفوظ راستہ فراہم نہیں کرے گا۔

صدر رافائل کوریا نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے کو اقوام متحدہ کے سامنے لے جانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

اسانژ کو خدشہ ہے کہ اگر انہیں سویڈن کے حوالے کیا گیا تو انہیں ممکنہ طور پر امریکہ بھیجا جا سکتا ہے جہاں ان پر وکی لیکس پر امریکی خفیہ دستاویزات افشاء کرنے سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے اور انہیں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔

ایکواڈور کا موقف ہے کہ جولین اسانژ کو سویڈن کے حوالے کرنے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔