صومالی انتخابات، حسن شیح نئے صدر منتخب

آخری وقت اشاعت:  منگل 11 ستمبر 2012 ,‭ 08:52 GMT 13:52 PST
حسن شیخ محمد

نئے صدر کا بدعنوانی اور تشدد سے کوئی رابطہ نہیں رہا ہے

صومالیہ میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کی کوششوں کے تحت دارالحکومت موغادیشو میں ارکان پارلیمان نے حسن شیخ محمد کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔

انتخابات میں کامیابی کے فوراً بعد حسن شیخ محمد نے بطور نئے صدر حلف اٹھا لیا ہے۔

حسن شیخ محمد نے اپنے مقابل امیدوار شیخ شریف شیخ کے خلاف ایک سو نوے ووٹ حاصل کیے جبکہ شیخ شریف کو اناسی ووٹ ملے۔

انتخابات کے پہلے مرحلے میں کسی بھی امید وار کو دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔

حسن شیخ محمد کا تعلق تدریسی دنیا سے ہے اور وہ سول کارکن کے طور پر امن و ترقی کی عالمی و قومی تنظیموں کے لیے بھی کام کرتے رہے ہیں۔

شیخ شریف شیخ نے ان انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور انہوں نے سرکاری ٹی وی پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ نتائج سے مطمئن ہیں۔

حسن شیخ محمد نے انیس سو اکیاسی میں صومالی نیشنل یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے بھارت اور بھوپال یونیورسٹی سے ڈکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ چونکہ حسن شیخ کا تشدد یا بدعنوانی سے کوئی رابطہ نہیں رہا ہے، اس لیے بطور صدر وہ ملک کے مستقبل کو سنورانے میں نئی طرح کی رہنمائی پیش کر سکتے ہیں۔

صومالیہ میں برسوں سے خانہ جنگی جاری ہے اور کئی برس بعد صومالیہ کی سرزمین پر صدر کا انتخاب ہوسکا ہے جو سکیورٹی میں بہتری کی بھی ایک نشانی ہے۔

تاہم صومالیہ کے بہت سے علاقوں پر ابھی بھی اسلامی عسکریت پسند تنظیم الشباب کا کنٹرول ہے جو وقتاً فوقتاً ملک میں حملے کرتی رہتی ہے۔

افریقی یونین کی افواج نے گذشتہ برس الشباب کو موغادیشو سے باہر نکال دیا تھا لیکن وہ تنظیم سخت سکیورٹی کے باوجود ابھی بھی دارالحکومت کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔