ماریکانہ کے کان کنوں کی کام پر واپسی

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 20 ستمبر 2012 ,‭ 07:00 GMT 12:00 PST

کان کنوں نے تنخواہوں میں بائیس فیصد اضافے کی اطلاع ملنے پر جشن منایا

جنوبی افریقہ میں کان کن جمعرات کے روز سے ماریکانہ کی پلاٹینیئم کان پر دوبارہ کام شروع کرنے والے ہیں جہاں پرتشدد مظاہروں میں چوالیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جنوبی افریقہ کی اس کان میں کان کنوں کی ہڑتال کے سبب گزشتہ چھ ہفتوں سے کام بند تھا جو آج سے پھر شروع ہوجائے گا۔

منگل کے روز کان کی مالک لونمن نامی کمپنی اورہڑتال کرنے والے کان کنوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت کان کنوں کی اجرت میں بائیس فیصد کا اضافہ کر دیا جائےگا۔

پلاٹینیئم کی اس کان پر کئی ہفتوں سے تنخواہوں پر تنازع جاری تھا اور اطلاعات کے مطابق جب کمپنی نے اجرت بڑھانے پر اتفاق کیا تو احتجاجی کان کنوں نے خوشی کا جشن منایا۔

مزدوروں کامطالبہ تھا کہ انہیں ساڑھے بارہ ہزار رینڈ یعنی تقریبا ڈیڑھ ہزار ڈالر تک ماہانہ تنخواہ ملنی چاہیے۔ فی الوقت تک کان کنان کی تنخواہ اس سے بہت کم یعنی مقامی کرنسی میں چار یا پانچ ہزار رینڈ ہی ملتے رہے ہیں۔

کمپنی کو امید ہے کہ چھ ہفتے سے کام نہ ہونے کے سبب اسے جو نقصان پہنچا ہے کام کی دوبارہ شروعات سے اس کی کچھ حد تک تلافی کی جا سکے گی۔

ماریکانہ میں کشیدگی کے سبب ہونے والے فسادات میں پولیس کی فائرنگ سے چوالیس افراد ہلاک ہوئے تھے اور کئی ہفتوں سے جاری اس کشیدگي کا اثر دیگر کانوں تک پہنچنے لگا تھا۔

جنوبی افریقہ کی کانیں پلاٹینیئم اور دیگر قیمتی معدنیات کے لیے دنیا بھر میں جانی جاتی ہیں اور ہڑتال سے حکومت کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل ملک کے صدر جیکب زوما نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان واقعات کی وجہ سے تقریباً نصف ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

دارالحکومت جوہانسبرگ کے شمال مغرب میں واقع ماریکانہ کان میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعے کے بعد ملک میں شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے ماریکانہ کان میں ہلاکتوں پر ایک ہفتے کا سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔

واقعے کے بعد حکومتی استغاثہ نے ماریکانہ کے دو سو ستر کان کنوں کے خلاف قتل کے الزامات عائد کر کے انہیں گرفتار کر لیا تھا تاہم بعد میں یہ مقدمات خارج کر دیے گئے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔