نیپال: طیارے کے حادثے میں انیس افراد ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 28 ستمبر 2012 ,‭ 10:36 GMT 15:36 PST

حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں مختلف ممالک کے باشندے سوار تھے۔

نیپال میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر بردار ہوائی جہاز کے حادثے میں جہاز میں سوار تمام انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیتا ائر کا ہوائی جہاز دارالحکومت کھٹمنڈو سے پرواز کے چند منٹ بعد ہی ایک دریا کے کنارے گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام کے مطابق اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سولہ مسافر اور عملے کے تین ارکان شامل ہیں۔

برطانوی وزارتِ خارجہ نے حادثے میں برطانوی شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔

پولیس اور ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ جہاز میں سات برطانوی، پانچ چینی اور سات نیپالی شہری سوار تھے جبکہ عملے کے تینوں ارکان کا تعلق نیپال سے تھا۔

کھٹمنڈو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے جنرل مینجر راتش چندرا لال سومن کے مطابق ابھی تک حادثات کی وجوہات کا اندازہ نہیں ہو سکا تاہم بظاہر حادثہ پرندہ جہاز کے انجن سے ٹکرانے کے نتیجے میں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی جہاز ائرپورٹ کی طرف واپس آنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔

حکام کے مطابق ہوائی جہاز کی منزل ایورسٹ خطے کا علاقہ لوکلا تھا۔

نیپال میں کوہ پیمائی کا موسم شروع ہوا ہے اور مغربی کوہ پیماؤں سمیت ہزاروں کی تعداد میں کوہ پیما اس موسم میں خطے کا رخ کرتے ہیں۔

نیپال میں پچھلے دو سالوں میں یہ چھٹا ہوائی حادثہ ہے جس میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔