برطانوی کالج کا غیرملکی لائسنس منسوخ

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 3 نومبر 2012 ,‭ 08:20 GMT 13:20 PST

بلسٹن کالج کے لائسنس کی منسوخی کے بعد اب کالج کے طلبا کو نظر ثانی کے فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا جو دسمبر میں ہے۔

برطانیہ کے ادارے یو کے بارڈر ایجنسی نے بلسٹن کمیونٹی کالج کا غیر ملکی طلبا کو تعلیم کے لیے برطانیہ بلوانے کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔

اس فیصلے کی وجہ سے درجنوں بین الاقوامی طلبا کے لیے اس کالج میں تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کالج اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کر رہا تھا۔

کالج کا کہنا ہے کہ ان کا ٹائر فور کا ویزا لائسنس چھبیس اکتوبر سے فوری طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔

کالج کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ان کو بتایا گیا ہے کہ ان کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

کسی بھی کالج کے لیے غیر ملکی طلبا کو بلانے کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے یو کے بارڈر ایجنسی کے ’ہائیلی ٹرسٹڈ سٹیٹس‘ یعنی اعتماد کے اعلیٰ معیار کے مقام کا حصول ضروری ہے۔

اس معیار پر پورا اترنے کے لیے تعلیمی اداروں کو یقینی بنانا پڑتا ہے کہ وہ طلبا کی حاضری پوری رکھیں، ایک اچھے معیار کی تدریس مہیا کریں اور بہت سارے دوسرے معیارات پر پورا اترتے رہیں۔

کالج کے ایک اہلکار کلدیپ سنگھ نے بتایا کہ کالج ان دنوں چھٹیوں کی وجہ سے بند ہے اور انہوں نے طلبا کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

فِل پیج جو کہ وولورہیمپٹن کی کونسل کے ممبر اور کالج کے ڈائرکٹر بھی ہیں نے بتایا کہ ان کی اطلاع کے مطابق کالج اس پر اپیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

"اگر کالج نہ کھلا تو وہ اپنی تعلیم کیسے مکمل کریں گے۔"

کالج کے ایک طالب علم روِندر کمار

پیج کے مطابق بیس دسمبر کو اس بارے میں عدالتی نظر ثانی کی درخواست کی سماعت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سماعت تک طلبا اسی کالج کے ساتھ رہیں گے اور انہیں کسی اور کالج میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی اور یہ کہ اس سماعت کے بعد ہی یہ فیصلہ ہو سکے گا کہ کالج بند ہو گا یا جاری رہے گا۔

کالج کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اس کے ساٹھ فیصد طلبا غیر ملکی ہوتے ہیں۔

کالج کے ایک طالب علم روِندر کمار نے کہا کہ اس فیصلے کے ان کی تعلیم پر اثرات کے بارے میں ان کے تحفظات ہیں۔

روِندر کمار نے کہا کہ ’اگر کالج نہ کھلا تو وہ اپنی تعلیم کیسے مکمل کریں گے۔‘

یوکے بارڈر ایجنسی نے کالج کے لائسنس کی تنسیخ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہمیں پتا چلتا ہے کہ غیر ملکی طلبا کو بلانے والے تعلیمی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے تو ہم ان کا لائسنس منسوخ یا معطل کر تے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔