مصری پارلیمان آئین پر ووٹنگ کرے گی

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 29 نومبر 2012 ,‭ 17:57 GMT 22:57 PST

قاہرہ کے تحریر چوک میں مظاہرین صدر مرسی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

مصری پارلیمان کا اجلاس شروع ہو گیا ہے جس میں ملک کے نئے تحریر کردہ آئین پر ووٹنگ ہو گی اور اس عمل کے پہلے قدم کے طور پر اسمبلی نے شریعت کو قانون سازی کا بنیادی ماخذ قرار دیا ہے۔

اس سے پہلے آئین ساز عدالت نے کہا تھا کہ وہ اتوار کو یہ فیصلہ دے گی کہ آیا اسمبلی کو تحلیل کیا جائے یا نہیں۔

مصر کی عدلیہ اس وقت صدر محمد مرسی کے خلاف محاذ آرا ہے جنھوں نے اپنے آپ کو نئی طاقتیں تفویض کر دی تھیں۔ ان کے اس فیصلے کے بعد سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔

آزاد خیال، بائیں بازو والے اور عیسائی اراکین اسمبلی نے یہ کہہ کر اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے کہ اسلام پسند مصر پر اپنا تصورِ اسلام نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اب تک منظور کی جانے والی شقوں کے مطابق اسلام ملک کا مذہب ہے اور شریعت کے اصول ’قانون سازی کا بنیادی ماخذ‘ ہیں۔

اس سے پہلے صدر حسنی مبارک کے دور میں بننے والے آئین میں بھی یہی درج تھا۔

سلفی جماعت اور صدر مرسی کی جماعت اخوان المسلمون کے بعض ارکان لفظ ’اصول‘ کو ’قانون‘ سے بدلنے میں ناکام رہے ہیں۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق مسودے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عیسائیت اور یہودیت مصری عیسائیوں اور یہودیوں کے لیے قانون سازی کے بنیادی ماخذ ہوں گے۔

"موجودہ اسمبلی میں پائے جانے والے غصے اور ناراضگی کے پیشِ نظر یہ ایک بے تکا قدم ہے۔"

عمرو موسیٰ

اسمبلی نے ایک نئی شق بھی منظور کی ہے جس میں شریعت کے معاملات میں جامعۂ اظہر سے رہنمائی حاصل کرنا لازمی ہو گا۔

حکام نے اسمبلی کو بدھ کے روز بتایا تھا کہ وہ آئین کے مسودے کو آخری شکل دے رہے ہیں، تاہم صدر مرسی نے آئین سازی کی حتمی تاریخ کو فروری تک بڑھا دیا تھا۔

اسمبلی مسودے میں شامل تمام 234 شقوں پر رائے شماری کرے گی۔ پھر اسے صدر مرسی کے پاس منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد اس پر ریفرنڈم کروایا جائے گا۔

قاہرہ میں بی بی سی کے نامہ نگار جون لین کہتے ہیں کہ موجودہ حالات میں آئین سازی تنازعات کو جنم دے سکتی ہے۔

حزبِ اختلاف کے رہنما اور عرب لیگ کے سابق سربراہ عمرو موسیٰ نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’موجودہ اسمبلی میں پائے جانے والے غصے اور ناراضگی کے پیشِ نظر یہ ایک بے تکا قدم ہے۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔