شاہی تخت کی وراثت کے قانون کو بدلنے پر اتفاق

آخری وقت اشاعت:  بدھ 5 دسمبر 2012 ,‭ 09:11 GMT 14:11 PST
کیٹ مڈلٹن

کیٹ مڈلٹن ماں بننے والی ہیں

دولتِ مشترکہ کے سبھی ممالک نے اس بل پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت برطانوی شاہی تخت کی وراثت پر لڑکے اور لڑکیوں کا برابر کا حق ہوگا۔

برطانیہ کے نائب وزیر اعظم نک کلیگ نے کہا ہے کہ حکومت شاہی تخت کے وارث سے متعلق بل کو جلد از جلد پارلیمان میں پیش کرے گی۔

اس بل کا مطلب یہ ہوگا کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن سے جو بھی اولاد ہوگی، خواہ لڑکی یا لڑکا، وہ برطانیہ کے شاہی تخت کے وارث بننے کا برابر کی حق دار ہو گی۔

نئے بل کے ساتھ برطانیہ کے اس پرانے قانون کا خاتمہ ہوجائے گا جس کے تحت شاہی تخت کی وراثت پر خاندان کے لڑکوں کا پہلا حق ہوتا تھا۔

اس بل کے بعد اس قانون پر بھی روک لگ جائے گی جس کے تحت شاہی وراثت کا حق دار شخص کسی رومن کیتھولک سے شادی نہیں کرسکتا تھا۔

واضح رہے کہ اس بل پر اصولی طور پر اتفاق گزشتہ برس اکتوبر کے مہینے میں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں دولت مشترکہ کے ممالک کے سربراہی اجلاس میں ہوا تھا۔

ڈپٹی وزیر اعظم نک کلیگ کا کہنا ہے کہ یہ بل ہمارے ’ملک اور بادشاہت کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ہم اس بات کا جشن منا سکتے ہیں کہ شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کے بیٹا ہو یا بیٹی ان کا شاہی تخت پر برابر کا حق ہوگا۔‘

واضح رہے کہ پیر کو برطانیہ کے شاہی خاندان نے اعلان کیا تھا کہ ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیٹ مڈلٹن امید سے ہیں اور ان کے گھر ولادت متوقع ہے۔

سینٹ جیمز پیلس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہزادی کیٹ مڈلٹن کو طبیعت کی ناسازی کی بنا پر کنگ ایڈورڈ ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں وہ اگلے چند دن گزاریں گی۔

شاہی تحت کی وراثت کی درجہ بندی

ملکۂ برطانیہ کے بعد تخت کے وارث شہزادہ چارلس ہیں جن کے بیٹے شہزادہ ولیم ہیں جو کہ ان کے بعد تخت کے وارث ہوں گے۔ یہ نیا آنے والا بچہ یا بچی اس درجہ بندی میں شہزادہ ہیری کی جگہ لے گا جو اس درجہ بندی میں اس وقت تیسرے درجے پر ہیں۔

شاہی خاندان کے دفتر کا کہنا ہے کہ ’شہزادی کیٹ کی طبیعت اب بہتر ہے۔ وہ اور شہزادہ ولیم عوام کی جانب سے بھیجی جانے والی نیک خواہشات کے لیے شکرگزار ہیں۔ شہزادی ابھی کچھ دن ہسپتال میں ہی رہیں گی۔‘

شہزادہ ولیم نے پیر کو ہسپتال میں شہزادی کیٹ کے ساتھ کئی گھنٹے گزارے۔ ہسپتال کے باہر میڈیا کے ہجوم سے بات کیے بغیر شہزادہ ولیم سیدھے ہسپتال میں داخل ہوگئے تھے۔

شہزادی کیٹ مڈلٹن شہزادہ ولیم سے اپریل دو ہزار گیارہ میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

اس خبر پر شہزادی مڈلٹن اور شاہی خاندان کے تمام افراد بہت خوش ہیں۔

شاہی خاندان میں پیدا ہونے والا یہ بچہ یا بچی برطانوی بادشاہت کے تیسرے درجے پر ہوگا۔

ملکۂ برطانیہ کے بعد تخت کے وارث شہزادہ چارلس ہیں جن کے بیٹے شہزادہ ولیم ہیں جو کہ ان کے بعد تخت کے وارث ہوں گے۔

یہ نیا آنے والا بچہ یا بچی اس درجہ بندی میں شہزادہ ہیری کی جگہ لے گا جو اس درجہ بندی میں اس وقت تیسرے درجے پر ہیں۔

کیٹ اور ولیم کے گھر پیدا ہونے والا یہ بیٹا یا بیٹی ایک دن برطانوی فوج کا سربراہ، چرچ آف انگلینڈ کا گورنر، دولت مشترکہ کا سربراہ اور بلاخر سولہ ممالک کا سربراہ بنے گا۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ٹویٹ کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس خبر سے وہ بہت خوش ہیں اور دونوں بہت اچھے ماں باپ ثابت ہوں گے۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔