اٹلی:سیلویو برلسکونی دوبارہ وزات عظمیٰ کے امیدوار

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 8 دسمبر 2012 ,‭ 17:56 GMT 22:56 PST

اٹلی کے سابق وزیراعظم سیلویو برلسکونی نے اگلے سال دوبارہ انتخابات لڑنے کی تصدیق کی ہے

اٹلی کے سابق وزیر اعظم سیلویو برلسکونی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اگلے سال دوبارہ وزیر اعظم کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے میلان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیتنے کے لیے انتخابات لڑیں گے اور یہ فیصلہ انہوں نے تب کیا جب ان کی پیپل فریڈم پارٹی کو ان جیسا مشہور رہنما نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں کہ ان کی پارٹی نے دوسرے رہنما کی تلاش نہیں کی لیکن رہنما بننے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

انہوں نے اٹلی کے موجودہ وزیراعظم ماریو مونٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کفایت شعاری کی پالیسیوں نے اٹلی کو نقصان پہنچایا ہے۔

ان کی پارٹی پی ڈی ایل نے جمعرات کو اعتماد کے ووٹ میں حصہ نہیں لیا جو حکومت نے جیت لیا۔

ماریو مونٹی نے ایک سال پہلے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا اور معاشی مسائل سے نکلنے کے لیے اصلاحات کا ایک پروگرام شروع کیا۔

سلویو برلسکونی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماریو مونٹی کی ٹیکنوکریٹ حکومت کی ایک سال تک حمایت کی لیکن کفایت شعاری کی پالیسی اٹلی میں ناکام ہو گئی ہے۔

سلویو برلسکونی کی عمر 76 برس ہے اور انہوں نے نومبر 2011 میں اٹلی میں معاشی مشکلات کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔انہیں اکتوبر میں ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا جس کے خلاف وہ اپیل کر رہے ہیں۔

ان پر ایک کم عمر طوائف کے ساتھ جنسی تعلق کے الزام میں بھی مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ وہ کسی بھی غلط کام کرنے سے انکار کرتے ہے۔

وہ پہلے ہی سے تین مخلتف ادوار میں اٹلی کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اورخیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے کاروبار کو بڑھا کر بہت مال کمایا۔

سلویو برلسکونی نے کہا کہ انہوں نے ایک منٹ کے لیے وزیر اعظم کے عہدے کی کمی محسوس نہیں کی اور ان کی واپسی کی وجہ احساس ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عدلیہ کے ساتھ اپنی حالیہ کشیدگی کے بارے میں کہا کہ وہ انہیں بڑا خوفناک لگا کیوں کہ انہیں طاقتور عدلیہ کا سامنا تھا۔

دوسری طرف اٹلی کے موجودہ وزیر اعظم ماریو مونٹی ملک کے صدر سے مذاکرات کریں گے۔

جبکہ صدر جارجیو ناپولیٹانو نے کہا ہے کہ وہ کہ ماریو مونٹی کی ٹیکنوکریٹ حکومت کا ہنگامہ خیز اختتام نہیں چاہتے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔