ڈیلٹا ائر لائن ورجن کے حصص خریدنے پر رضا مند

آخری وقت اشاعت:  منگل 11 دسمبر 2012 ,‭ 16:11 GMT 21:11 PST

ورجن اٹلانٹک ائیرلائن میں انچاس فیصد حصص سنگاپور ائرلائن کے ہیں جنہیں امریکہ کی ڈالٹا ائرلائن نے خریدنے کی حامی بھری ہے۔

ڈیلٹا ائر لائن سنگاپور ائر لائن کے ورجن ایٹلانٹک ائر لائن میں چھتیس کروڑ ڈالر مالیت کا حصص خریدنے کے معاہدے پر رضامند ہو گئی ہے۔

نئے شراکت داروں کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ورجن گروپ اور سر رچرڈ برینسن کا ائر لائن میں اکاون فیصد حصہ رہے گا اور ورجن برانڈ یعنی اس کا نام بھی تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

اس معاہدے کی امریکہ اور یورپ میں ریگولیٹری منظوری درکار ہو گی۔

یہ معاہدہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب بین الاقوامی ائر لائنز گروپ جس میں برٹش ائر لائن بھی شامل ہے کہ سربراہ ولی والش کے درمیان ورجن ایٹلانٹک کے مستقبل پر تنازع چل رہا ہے۔

ورجن اور ڈیلٹا کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت پروازوں کے اوقات میں حائل رکاوٹوں پر قابو پایا جا سکے گا اور لندن کے ہیتھرو ائر پورٹ سے مزید پروازیں ممکن ہو سکیں گی۔

ائر لائنز دن کے مصروف اوقات میں برطانیہ اور شمالی امریکہ کے لیے اکتیس راؤنڈ ٹرپ یعنی دو طرفہ پروازیں چلا سکیں گی۔

ڈیلٹا کے سربراہ رچرڈ اینڈرسن کا کہنا ہے کہ ’ ورجن ائر ایٹلانٹک سے نئی شراکت داری کی وجہ سے دونوں ائر لائنز کو اپنی خدمات مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی، شمالی امریکہ اور ہم برطانیہ خاص طور پر نیویارک، لندن کے روٹ پر زیادہ موثر حریف ثابت ہونگے‘۔

سر رچرڈ نے مزید کہا کہ ورجن کی تاریخ کا یہ ایک خوشگوار ترین دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے’ معاشی ترقی، گاہکوں کی تعداد میں اضافے اور ہمارے کاروبار میں وسعت کے نئے دور کے آغاز کے اشارے ملتے ہیں‘۔

اس سے پہلے سر رچرڈ نے ویلی والش کی اس رائے کو مسترد کر دیا تھا کہ ورجن برانڈ جلد ہی منظر عام سے غائب ہو جائے گا۔

انہوں نے دی ورجن پر بلاگ میں کہا کہ’ ہمارا غائب ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘

پیر کو سر رچرڈ نے انٹرنیشل ائر لائنز کے گروپ کے سربراہ ولی والش کو ورجن ائر لائن کے مستقبل کے حوالے سے دس لاکھ برطانوی پاؤنڈ شرط کی پیشکش کی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔