مصر: ریفرنڈم میں ’نا‘ ووٹ کریں: حزب اختلاف

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 13 دسمبر 2012 ,‭ 00:18 GMT 05:18 PST
مصر

آئین کے مجوزہ مسودے کے سبب پورے مصر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

مصر کی حزبِ اختلاف نیشنل سالویشن فرنٹ نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئین کے متنازع مسودے پر ہونے والے ریفرنڈم میں ’نا‘ ووٹ کریں۔

تاہم حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ اگر ووٹنگ سے متعلق اس کے مطالبات پورے نہ کیے گئے جن میں عدلیہ کی جانب سے ریفرنڈم کی نگرانی کا مطالبہ بھی شامل ہے تو وہ ریفرنڈم کے بائیکاٹ کی اپیل کر سکتی ہے۔

حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ صدر مرسی اور ان کے حامیوں کی حمایت والا آئین کا نیا مسودہ کچھ زیادہ ہی اسلامی ہے۔

آئین کے مجوزہ مسودے کے سبب پورے مصر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

سالویشن فرنٹ نےبدھ کو ریفرنڈم کے بارے میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ پولنگ سٹیشنوں پر جائیں اور آئین کے نئے مسودے کے خلاف ووٹ دیں۔

حزبِ اختلاف کے اہم سیاسی رہنما اور عرب لیگ کے سابق سربراہ آمر موسٰی نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے ووٹ میں نا کہیں گے‘۔

تاہم ایک اور ممتاز سیاسی رہنما حمدین صباہی کا کہنا ہے کہ ’اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو بائیکاٹ کی کال دی جا سکتی ہے‘۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حزبِ احتلاف کے تمام مطالبات پورے کرنا ممکن نہیں ہو سکے گا کیونکہ ہزاروں جج پہلے ہی ریفرنڈم میں شریک ہونے سے انکار کر چکے ہیں۔

دوسرے ممالک میں مصر کے سفارتخانوں میں پہلے ہی ووٹنگ شروع ہو چکی ہے لیکن ملک کے اندر ووٹنگ پر ابھی تک کنفیوژن برقرار ہے۔

مجوزہ ریفرنڈ سے پہلے ہی صدر مُرسی کے حامیوں اور مخالفین کی ریلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور منگل کو ہزاروں مظاہرین قاہرہ کی سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

گزشتہ ہفتے صدر مرسی نے بائیس نومبر کوجاری کیے جانے والے اس فرمان کو واپس لینے کی پیشکش بھی کی تھی جس کے ذریعے انہوں نے اپنے اختیارات میں اضافہ کر لیا تھا۔

تاہم اس فرمان کی کچھ شفیں ابھی تک برقرار ہیں جن میں وہ شق بھی شامل ہے جسکے تحت عدالت ان کے جاری کردہ کسی فیصلے کو چیلنج نہیں کر سکتی تاہم حزبِ اختلاف نے ان کی اس پیشکش کو سیاسی کھیل قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔