صدر ہوگو شاویز کی بتدریج صحتیابی

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 15 دسمبر 2012 ,‭ 04:39 GMT 09:39 PST

جنوری دو ہزار تیرہ میں صدر ہوگو شاویز چوتھی مدت کے صدرات کا آغاز کریں گے۔

وینزویلہ کے وزیر اطلاعات کے مطابق صدر ہوگو شاویز کینسر کے علاج کے بعد اب بتدریج بہتری کی طرف آ رہے ہیں۔

اس سے پہلے وینزویلہ کے حکام نے بتایا تھا کہ کیوبا میں ڈاکٹروں نے صدر ہوگو شاویز کے کینسر کا علاج شروع کر دیا تھا اور ان کے جسم سے کینسر سے متاثرہ خلیے نکالے جا رہے تھے۔

گزشتہ دنوں میں مزید ٹیسٹ ہونے کے بعد ان کے جسم میں کینسر سے متاثرہ مزید خلیوں کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد خود صدر شاویز نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی بیماری کی نوعیت خاصی سنگین ہے۔

صدر ہوگو شاویز پیر کو علاج کے لیے کیوبا کے دارالحکومت ہوانا پہنچے تھے جہاں اٹھارہ مہینوں میں یہ ان کا چوتھا آپریشن تھا۔

وزیر اطلاعات ارنیسٹو ویلیگس نےبتایا کہ صدر شاویز اپنے چوتھے آپریشن کے بعد اب صحت یاب ہو رہے ہیں۔

صدر شاویز کے کینسر کی تشخیص جون 2011 میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ صدر شاویز دس جنوری سے اپنی صدارت کی چوتھی مدت کا آغاز کرنے والے ہیں۔

اس سال جون میں انتخاب سے پہلے انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کا کینسر ختم ہو گیا ہے اور وہ اس بیماری سے پاک ہیں مگر کچھ عرصہ قبل انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا کینسر لوٹ آیا ہے جس کے بعد علاج کے لیے انہوں نے کیوبا جانے کا اعلان کیا۔

صدر شاویز جو انیس سو ننانوے سے بر سر اقتدار ہیں کو اکتوبر میں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا۔

وینزویلہ کے حکام نے بتایا کہ چھ گھنٹوں کے اس آپریشن کے دوران خون کا جریان شروع ہوا جس کا علاج کیا گیا۔

اس بار پہلا موقعہ ہے کہ حکام باقاعدگی سے صدر شاویز کی صحت کے بارے میں اطلاعات فراہم کر رہے ہیں جس سے مبصرین اندازہ لگا رہے ہیں کہ شاید حکام عوام کو کسی بھی صورتحال کے لیے تیار کر رہے ہیں۔

وینزویلہ کے آئین کی رو سے اگر صدر اپنے اقتدار کی پہلے چار سال میں کسی وجہ سے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں تو تیس دن کے اندر دوبارہ انتخاب کروایا جائے گا۔

وینزویلا سے روانہ ہونے سے قبل مسٹر شاویز نے پہلی مرتبہ اپنے جانشین کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ واپس اقتدار میں نہیں آئے تو نائب صدر نکولس مدورو اقتدار سنبھالیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔