ہوگو شاویز کی صدارت کے بارے میں خدشات

آخری وقت اشاعت:  اتوار 23 دسمبر 2012 ,‭ 04:18 GMT 09:18 PST

اس تصویر کے مرکز میں نائب صدر نکولس مدورو کے ساتھ بائیں جانب دیوس داتھو کبیلیو خطاب کر رہے ہیں۔

وینزویلا کی کانگریس کے سربراہ اور صدر شاویز کے سابق نائب دیوس داتھو کبیلیو نے کہا ہے کہ صدر ہوگو شاویز شاید اگلی مدت کی صدارت کے لیے فٹ نہ رہیں لیکن انہوں نے کہا کہ ملک صدر شاویز کی صحتیابی اور واپسی کا انتظار کرےگا۔

صدر ہوگو شاویز جو آج کل کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں اہنے کینسر کا علاج کروا رہے اگلے سال دس جنوری کو صدارت کی اگلی مدت کے لیے حلف اٹھانے والے ہیں۔

وینزویلا کی اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ اگر صدر شاویز اگلی مدت کے لیے حلف نہیں اٹھاتے تو تیس دن کے اندر نیا انتخاب کروایا جائے۔

وینزویلا کے آئین کی رو سے اگر صدر اپنے اقتدار کی پہلے چار سال میں کسی وجہ سے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں تو تیس دن کے اندر دوبارہ انتخاب کروایا جائے گا۔

اس سے قبل وینزویلا کے وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ صدر ہوگو شاویز کینسر کے علاج کے بعد اب بتدریج بہتری کی طرف آ رہے ہیں۔

کیوبا میں ڈاکٹروں نے صدر ہوگو شاویز کے کینسر کا علاج شروع کرنے کے بعد ان کے جسم سے کینسر سے متاثرہ خلیے نکال دیے تھے۔

کیوبا جانے سے پہلے خود صدر شاویز نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی بیماری کی نوعیت خاصی سنگین ہے۔

صدر ہوگو شاویز کے اٹھارہ مہینوں میں چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

صدر شاویز کے کینسر کی تشخیص جون 2011 میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی۔

اس سال جون میں انتخاب سے پہلے انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کا کینسر ختم ہو گیا ہے اور وہ اس بیماری سے پاک ہیں مگر کچھ عرصہ قبل انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا کینسر لوٹ آیا ہے جس کے بعد علاج کے لیے انہوں نے کیوبا جانے کا اعلان کیا۔

صدر شاویز جو انیس سو ننانوے سے بر سر اقتدار ہیں کو اکتوبر میں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ حکام باقاعدگی سے صدر شاویز کی صحت کے بارے میں اطلاعات فراہم کر رہے ہیں جس سے مبصرین اندازہ لگا رہے ہیں کہ شاید حکام عوام کو کسی بھی صورتحال کے لیے تیار کر رہے ہیں۔

وینزویلا سے روانہ ہونے سے قبل مسٹر شاویز نے پہلی مرتبہ اپنے جانشین کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ واپس اقتدار میں نہیں آئے تو نائب صدر نکولس مدورو اقتدار سنبھالیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔