اوگو چاویس کی طبیعت میں ’معمولی افاقہ‘

آخری وقت اشاعت:  منگل 25 دسمبر 2012 ,‭ 00:14 GMT 05:14 PST

اوگو چاویس 1999 سے برسرِ اقتدار ہیں

سرطان کے آپریشن کے بعد وینزویلا کے صدر اوگو چاویس کی حالت میں ’معمولی بہتری‘ آئی ہے۔ یہ بات وینزویلا کے وزیرِ اطلاعات نے بتائی ہے۔

گیارہ دسمبر کو صدر چاویس کا سرطان کا چوتھا آپریشن ہوا تھا جس کے بعد ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہو گیا تھا۔

صدر چاویس 1999 سے برسرِ اقتدار ہیں۔ انھوں نے اس سال اکتوبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کی تھی۔

ان کی عمر 58 برس ہے اور اگلے برس دس جنوری کو انھیں اپنے عہدے کا حلف لینا ہے۔

بولیویا کے صدر ایو مورالیس اختتامِ ہفتہ پر بولیویا میں تھے، تاہم انھوں نے رپورٹروں سے بات نہیں کی۔ کیوبا کی حکومت نے ان کی آمد اور روانگی کے موقعے پر رپورٹروں کو بلایا تھا، تاہم بعد میں یہ دعوت واپس لے لی گئی۔

توقع تھی کہ صدر مورالیس اوگو چاویس کی حالت کے بارے میں بیان جاری کریں گے۔

صدر چاویس کے بارے میں دو ہفتوں تک کوئی خبر نہ آنے کی وجہ سے ان کی موجودہ حالت اور حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بارے میں سنگین تشویش پیدا ہو گئی تھی۔

"آئین کے مطابق انھیں سپریم کورٹ کے ججوں کے سامنے حلف اٹھانا ہے لیکن آئین میں یہ نہیں لکھا کہ کب اور کہاں۔"

قومی اسمبلی کے سربراہ

لیکن پیر کے روز ایک مختصر ٹیلی ویژن بیان میں وزیرِ اطلاعات ارنیستو وی ییگس نے کہا: ’مریض کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے۔‘

وینزویلا کے آئین کے مطابق اگر صدر غیرحاضر ہوں تو 30 دن کے اندر اندر انتخابات کروانا لازمی ہو گا۔

لیکن قومی اسمبلی کے سربراہ دیوسدادو کیبیو نے کہا ہے کہ اگر صدر چاویس دس جنوری کو حلف نہ اٹھا سکے تو ملک میں نئے انتخابات نہیں ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس کے بجائے حلف برداری کی تقریب کو ملتوی کر دیا جائے گا۔

کیبیو نے کہا کہ آئین کے مطابق انھیں سپریم کورٹ کے ججوں کے سامنے حلف اٹھانا ہے لیکن آئین میں یہ نہیں لکھا کہ کب اور کہاں۔

صدر چاویس نے عوام سے کہا تھا کہ اگر ان کی صحت بگڑ جائے تو وہ نائب صدر نیکولاس مدورو کو ووٹ دیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔