مصری حکومت کی عوام سے تعاون کی اپیل

آخری وقت اشاعت:  بدھ 26 دسمبر 2012 ,‭ 14:40 GMT 19:40 PST

ریفرنڈم میں تقریبا تنتیس فیصد عوام نے ووٹ ڈالے

مصر کے صدر محمد مرسی کے حامیوں نے متنازع آئین کی منظوری کے بعد عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مل کر کام کریں۔

اخوان المسلمین کے رہنما محمد بیدھی کا کہنا ہے کہ مصر کی عوام کو ایسے مصر کی تعمیر میں حصہ لینا چاہیے جہاں مرد، عورت، مسلمان اور عیسائی اپنی مرضی کے مطابق رہ سکیں۔

مصر میں آئینی ریفرنڈم میں ساٹھ فیصد افراد نے نئے آئین کی حمایت میں ووٹ دیا تھا جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ آئین کا نیا مسودہ اسلامی رجحان کے حامیوں کے حق میں ہے اور یہ انقلاب کے خلاف ہے۔

مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کا تیس سالہ اقتدار فروری دو ہزار گیارہ میں ختم ہو گیا تھا۔

منگل کو اخوان المسلمین کے رہنما نے ریفرنڈم کے نتائج کو خوش آئند قرار دیا اور انھوں نے انقلابی مصر کے آئین کی منظوری پر عوام کو مبارک باد دی۔

وزیراعظم ہشام قندیل کا کہنا تھا کہ ووٹ میں ’ کسی کو شکست نہیں ہوئی‘۔ انھوں نے معشیت کی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون پر زور دیا۔

صدر مرسی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ نئے آئین سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہو گی۔

تاہم ان کے مخالفین نے الزام عائد کیا ہے کہ اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے صدر آئین کے ذریعے اسلامی رجحان رکھنے والوں کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ خواتین اور بچوں کے حقوق کا دفاع نہیں کیا جا رہا جو کہ ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً دس فیصد ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ریفرنڈم پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصر کو مذاکرات کے ذریعے اپنے اختلافات دور کرنے ہونگے۔

صدر مرسی سے براہ راست اپیل میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پیٹرک وینٹرل نے کہا کہ بحیثیت جمہوری رہنما صدر پر ’خصوصی ذمہ داری ‘ عائد ہوتی ہے کہ وہ وسیع تر سیاسی نظام کے لیے اختلافات ختم کر کے اعتماد سازی کی فضا قائم کریں۔

مصر میں آئندہ دو ماہ کے اندر پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔

مصر میں ریفرنڈم پر سیاسی آراء میں مخالفت کے باعث معشیت عدم استحکام کا شکار ہے اور امریکی ڈالر کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کرنسی کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے نتائج کے اعلان سے پہلے ان کے پاس ڈالر ختم ہو گئے ہیں۔ حکام نے مصر کا سفر کرنے والوں کے لیے ڈالر کی زیادہ سے زیادہ حد دس ہزار ڈالر مقرر کی ہے۔

سوموار کو مرکزی بینک نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ بینک کھاتوں کی حفاظت کے لیے اس کے پاس ’مستحکم رقم‘ موجود ہے۔

قاہرہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ صدر محمد مرسي کی حکومت معیشت کی بہتری کے لیے جلد غیر مقبول اقدامات کرے گی۔ جو انتخابات میں ان کی کی جماعت پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

قاہرہ میں الیکشن کمیشن کے سربراہ سمیر عبدالماتی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مجموعی طور پر پانچ کروڑ بیس لاکھ ووٹرز میں سے تقریبا تینتیس فیصد نے ریفرنڈم میں حصہ لیا۔

انھوں نے حزب اختلاف کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات کو مسترد کیا۔ حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پولنگ کے دن بعض مقامات کی نگرانی کے لیے نقلی جج مقرر کئے گئے ہیں۔

منگل کو ریفرنڈم کے نتائج کے اعلان کے بعد آئین کے حمایت نہ کرنے والے ہزاروں مظاہرین نے دارلحکومت قاہرہ کے اہم پُل پر ٹائر جلائے اور پُل بند کر دیا۔

حالیہ دونوں میں مصر میں آئین کے حامی اور مخالفین نے وسیع پیمانے پر احتجاج کیے ہیں جن میں سے اکثریت پر تشدد تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔