امریکہ میں برفانی طوفان سے مزید ہلاکتیں

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 28 دسمبر 2012 ,‭ 02:16 GMT 07:16 PST

ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر گاڑیاں نہ چلائیں

اطلاعات کے مطابق شمال مشرقی امریکہ میں آنے والے برفانی طوفان سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل اس طوفان میں وسطی امریکہ میں کرسمس کے تہوار میں خلل ڈالا تھا۔

نیو انگلینڈ کی ریاستوں میں بھاری برف پڑی ہے۔ موسمیاتی عہدے داروں کے مطابق میساچوسٹس میں ایک فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔

طوفان کے مشرق کی سمت بڑھنے سے اس علاقے میں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور سڑکوں پر حادثے ہوئے ہیں۔

جنوبی علاقوں میں کرسمس کے دن 34 بگولوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

طوفان جمعرات کی سہ پہر شمالی نیو انگلینڈ سے گزرا۔ کینیڈا کے مشرقی علاقوں سے بھی برف کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ریاست مین کے شہر لبنان میں ایک فٹ برف پڑی، جب کہ قریبی ورمونٹ اور نیو ہیمپشائر ریاستوں میں ڈیڑھ فٹ برف گرنے کی توقع ہے۔

پین سلوینیا کے شہر کاؤڈرزپورٹ میں 15 انچ برف پڑی۔

طوفان کے ہاتھوں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ ریاست آرکنسا اور ایلابیما میں دس انچ برف کے وجہ سے بجلی کے کھمبے اور تاریں ٹوٹ گئیں۔

خبر رساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ نیویارک، کنیٹی کٹ، اوہائیو، انڈیانا، آرکنسا، اوکلوہوما، ٹیکسس، لوئی زیانا، پین سلووینیا، اور ورجینیا میں طوفان کے باعث اموات ہوئی ہیں۔

ٹیکسس اور لوئی زیانا میں گرتے ہوئے درختوں کی زد میں آ کر دو افراد مارے گئے۔ نیویارک میں ایک شخص اس وقت ہلاک ہو گیا جب اس کی گاڑی برف پر پھسل کرحادثے کا شکار ہو گئی۔ اوہائیو میں ایک نوجوان کی گاڑی برف کی وجہ سے بے قابو ہو کر برف صاف کرنے والی گاڑی سے جا ٹکرائی۔

اب طوفان کینیڈا کے صوبے کُوبیک کے جنوبی حصوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کینیڈا کے موسمیاتی ادارے نے کہا کہ وہاں 17 انچ تک برف گرنے کی توقع ہے۔

نیو ہیمپشائر کے شہر کنکارڈ کے ایک باسی ڈیل لیمپری نے کہا کہ وہ گلیوں سے برف صاف کرنے کے لیے جمعرات کی صبح پانچ بجے ہی پہنچ گئے تھے۔

انھوں نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا کہ تیز ہوا چل رہی تھی اور برف باری جاری تھی۔ میرا خیال ہے کہ ایک موقعے پر برف باری ژالہ باری میں تبدیل ہو گئی تھی۔ صورتِ حال بہت خراب ہے۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔